Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا: رانا ثنا اللہ

وزیر داخلہ نے کہا کہ ’مردم شماری کو دوبارہ کرانے کے لیے سب کو متفق ہونا ہو گا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جنرل الیکشن میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا اور پی ڈی ایم تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گی۔
منگل کو اسلام آباد میں صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پنجاب میں قومی اسمبلی کی 100 اور صوبائی اسمبلی کی 200 سیٹیں پکی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سزا یا نا اہلی ہو گی اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ سزا الیکشن سے پہلے ہو گی یا بعد میں ہو گی، معلوم نہیں۔ 9 مئی کے واقعات میں جو پی ٹی آئی والے ملوث نہیں ان کے خلاف نہیں ہونی چاہیے۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ ’مردم شماری کو دوبارہ کرانے کے لیے سب کو متفق ہونا ہو گا۔‘
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف کی واپسی کا باقاعدہ اعلان ہو گا ابھی تک ختمی تاریخ نہیں ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان سرزمین ملوث ہے۔ افغان حکومت روکنا نہیں چاہتی یا صلاحیت نہیں رکھتی، یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے۔‘
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’ایڈیشنل سیشن جج پر جو الزامات لگائے گئے ہیں وہی الزامات سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز پر بھی ہیں۔ ججز کے کنڈکٹ کا فیصلہ جوڈیشری نے ہی کرنا ہے۔‘
’190 ملین پاؤنڈ واپس لینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا ہو گا۔ موجودہ حالات میں امید نہیں کہ ہماری اپیل منظور ہو گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’عمران ریاض کہاں پر ہیں خدا بہتر جانتا ہے۔ ان کی فیملی نے ہمارے ساتھ رابطہ نہیں کیا، رابطہ کریں گے تو مدد کے لیے تیار ہیں۔‘

شیئر: