راولپنڈی میں فلڈ وارننگ، اسلام آباد میں بارش کے بعد دیوار گرنے سے 12 ہلاک
راولپنڈی میں فلڈ وارننگ، اسلام آباد میں بارش کے بعد دیوار گرنے سے 12 ہلاک
بدھ 19 جولائی 2023 7:56
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ رات سے شدید بارش کے بعد بدھ کی صبح تھانہ نون کی حدود میں تعمیراتی پراجیکٹ پر کام کرنے والے مزدوروں کے کیمپ پر دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک ہو گئے۔
دارالحکومت کے ملحقہ شہر راولپنڈی میں سڑکوں پر سیلابی صورتحال ہے جبکہ مسلسل بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے بلند ہونے کے بعد سائرن بجائے گئے۔
راولپنڈی کے فلڈ وارننگ سینٹر سے اعلانات کیے گئے اور نالہ لئی کے کناروں پر بسنے والے شہریوں سے کہا گیا کہ وہ گھروں کو خالی کردیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اعلانات میں کہا گیا کہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
اسلام آباد میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دیوار گرنے کے حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ملبے تلے دبے 12 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔
اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے ترجمان ایگزیکٹو ڈائریکٹر مبشر ڈاہا نے بتایا کہ 12 مزدوروں کی لاشیں جبکہ پانچ کو زخمی حالت میں لایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
شہر کے مخلتف مضافاتی علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے موسلادھار بارش کے بعد رین ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔
لاہور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے: محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات اسلام کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج کے دن اور رات کو مسلسل بارش رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے پریڈکشن آفیسر غلام مرتضیٰ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’کل(جمعرات) کو بارش میں ذرا کمی ہو سکتی جبکہ پرسوں نسبتاً زیادہ بارش کا امکان ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’لاہور اور اس کے گردو نواح میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔ اِدھر راولپنڈی میں کٹاریاں اور گوالمنڈی میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔‘
اسلام آباد کے مارگلہ کے پہاڑوں سے متصل علاقوں سے متعلق سوال کے جواب میں پریڈکشن آفس کے اہلکار کا کہنا تھا کہ ’ای الیون میں اربن فلڈنگ کا فی الحال کوئی خطرہ نہیں تاہم فلش فلڈنگ یعنی سٹرکوں پر زیادہ پانی آنے کا خدشہ موجود ہے۔ کیونکہ وہاں پہاڑوں سے بھی پانی آتا ہے۔‘
’راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ابھی تک شمس آباد راولپنڈی میں 191 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور اس میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔‘