ٹام کروز کے خطرناک سٹنٹ پر ساتھی اداکار بھی حیران
اس فلم میں ٹام کروز موٹرسائیکل پر سوار ہو کر پہاڑ سے نیچے چھلانگ لگاتے ہیں اور پھر ہوا میں اپنا پیرا شُوٹ کھولتے ہیں (فائل فوٹو: پیراماؤنٹ پِکچرز)
ہالی وُڈ کے سپرسٹار ٹام کروز کی نئی فلم ’مشن امپوسیبل ڈیڈ ریکیننگ پارٹ ون‘ کی دنیا بھر کے سنیما گھروں میں نمائش جاری ہے۔
ٹام کروز کی مشن امپوسیبل سیریز خطرناک ایکشن سے بھرپور ہوتی ہے اور یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم میں مشکل سٹنٹ ٹام کروز خود ہی کرتے ہیں۔
سنہ 2018 میں ریلیز ہونے والی اس سیریز کی فلم ’فال آؤٹ‘ میں بھی ٹام کروز نے ہیلی کاپٹر اُڑانے کا سٹنٹ کیا تھا جس کے بعد اس نئی فلم ’ڈیڈ ریکیننگ‘ میں انہیں ایسا ہی ایک خطرناک سٹنٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس فلم میں ٹام کروز موٹرسائیکل پر سوار ہو کر پہاڑ سے نیچے چھلانگ لگاتے ہیں اور پھر ہوا میں اپنا پیرا شُوٹ کھولتے ہیں۔
اسی سلسلے میں مشن امپوسیبل کے انسٹاگرام ہینڈل نے پلیٹ فارم پر کیمرے کے پیچھے کے مناظر کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اس سٹنٹ کے دوران فلم کی باقی کاسٹ کے جذبات دکھائے گئے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹام کروز موٹرسائیکل پر سوار ہیں اور تیزی سے موٹر سائیکل کو مصنوعی اونچائی پر بنے ہوئے روڈ پر چلاتے ہوئے نیچے کی جانب چھلانگ لگاتے ہیں۔
اس سین میں اُن کے اوپر ایک ہیلی کاپٹر بھی اُڑتا ہوا دکھائی دیتا ہے جو کہ سٹنٹ کی شوٹنگ کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلم کی مرکزی کاسٹ میں شامل اداکار سائمن پیگ سے ساتھی اداکار پوچھتے ہیں کہ ‘سائمن کیا آپ رو رہے ہیں؟‘ اس پر سائمن کہتے ہیں کہ ’تھوڑا بہت۔‘
سائمن مزید کہتے ہیں کہ ’یہ بہت خطرناک ہے۔ ہمیں ہر مرتبہ یہی کرنا پڑتا ہے۔‘
اس سے قبل ٹام کروز نے انکشاف کیا تھا کہ ڈیڈ ریکیننگ فلم کے لیے یہ پہلا سین تھا جو شوٹ کیا گیا تھا۔
انہوں نے ای ٹائمز کو انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’اس کے پیچھے کئی برسوں کی تیاری تھی۔ مطلب، میں بچپن سے ہی موٹرسائیکل چلاتا آیا ہوں۔ میں نے ریس کار چلائیں اور جہازوں، ہیلی کاپٹروں اور پیرا شوٹس کے ساتھ میں نے کافی وقت گزارا۔‘
مشن امپوسیبل کے ایتھن ہنٹ مزید کہتے ہیں کہ ’آپ کو ایسا کرنے کے لیے بالکل تیار ہونا چاہیے، لہٰذا یہ سٹنٹ بہت اہم تھا۔‘
’یہ اس فلم کے لیے ہماری پہلی شوٹنگ تھی کیونکہ میں اسے چھوڑ کر کچھ اور شُوٹ نہیں کرنا چاہتا تھا۔ اس کے لیے سب تیار تھے کہ بس اسے شُوٹ کر لینا چاہیے۔‘
واضح رہے کہ یہ اس فلم مشن امپوسیبل سیریز کی ساتویں فلم ہے۔ اس کا دوسرا پارٹ 2024 میں ریلیز ہوگا۔