Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات اور ترکیہ میں 50.7 ارب ڈالر کے معاہدے، سٹریٹجک کمیٹی کے قیام کا فیصلہ

کوپ 28 کانفرنس سال رواں کے آخر میں امارات میں ہوگی۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات اور ترکیہ نے صدر رجب طیب اردگان کے دورہ ابوظبی کے موقع پر 50.7 ارب ڈالر مالیت کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور ترکیہ کے صدر کی موجودگی میں فریقین نے اعلی سٹراٹیجک کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔
ترکیہ اور امارات کے سربراہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔ طے کیا گیا کہ  2023 کے دوران ہونے والے جامع اقتصادی شراکت کے معاہدے کے تحت فریقین مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔

شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ’زاید تمغہ‘ پیش  کیا۔ (فوٹو الامارات الیوم)

دونوں رہنماؤں نے ابوظبی کے قصر الوطن میں مذاکرات کیے۔ ترکیہ کے صدر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کے دورہ ابوظبی سے دونوں ملکوں کے درمیان شراکت عروج کی نئی بلندیوں کا سفر طے کرے گی
‘اماراتی صدر نے ٹویٹ کیا کہ ’مجھے صدر طیب اردوغان سے ابوظبی میں ملاقات پر خوشی ہوئی ہم نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی و ترقیاتی تعاون کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ ہم نے خطے کے عوام کی خاطر امن و استحکام و خوشحالی کے فروغ کے لیے مثبت اقدامات کی اہمیت سے اتفاق کیا۔
اماراتی صدر اور ترکیہ کے صدر نے دوطرفہ تعاون کی نت نئی راہوں کا جائزہ لیا۔ خصوصا سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تبدیلی، خلا، بنیادی ڈھانچے، صنعت اور تجدد پذیر توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی حکمت عملی پر غوروخوض کیا گیا۔
فریقین  نے کوپ 28 موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے معاہدے کے فریق ملکوں کی کانفرنس کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ یہ کانفرنس سال رواں کے آخر میں امارات میں ہوگی۔

ترکیہ کے صدر نے ’ٹوگ‘ گاڑی کا تحفہ پیش کیا۔ (فوٹو الامارات الیوم)

فریقین نے دونوں ملکوں کی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی اہم حالات اور تغیرات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ خطے کو درپیش بحرانوں اور چیلنجوں سے نمٹنے کا مثالی راستہ مکالمہ اور سفارتی حل ہیں۔
شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ترکیہ کے صدر کو ’زاید تمغہ‘ پیش  کیا۔ یہ ملک کا اعلی ترین تمغہ ہے جو مختلف ملکوں کے قائدین، فرمانرواؤں اور سربراہوں کو پیش  کیا جاتا ہے۔
رجب طیب اردوغان نے شیخ محمد بن زاید کو ترکیہ ساختہ الیکٹرانک کار ’ٹوگ‘ کا تحفہ پیش کیا۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: