Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات کے ساتھ مزید معاہدوں پر دستخط کریں گے: اسرائیلی وزیر خارجہ

اسرائیل نے بدھ کو دبئی میں اپنا قونصل خانہ کھولا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لاپید نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعاون کے مزید معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق متحدہ عرب کے دورے کے دوران اسرائیلی وزیر خارجہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم جولائی میں مزید معاہدوں پر دستخط کریں گے، اسرائیل میں۔ اس میں مزید وسعت آئے گی۔ وژن یہ ہے کہ یہ حکومتوں سے کاروبار اور عوام میں منتقل ہو۔‘
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں سفارت خانہ کھولنے کے ایک دن بعد لائر لاپید دبئی میں اسرائیلی قونصل خانے کے افتتاح کے موقعے پر صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم آج یہاں صرف سفارت خانہ نہیں کھول رہے، یہ تعاون کا مرکز ہے۔ ایک ایسی جگہ ہے جو ہمارے اکھٹے سوچنے کی صلاحیت، اکھٹے کام کرنے اور اکھٹے دنیا بدلنے کی علامات ہے۔‘
گذشتہ برس ستمبر میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آئے تھے۔
بدھ کو اسرائیلی وزیر خارجہ نے دبئی ایکسپو 2020 کا بھی دورہ کیا جس میں اسرائیل دیگر 190 ممالک کے ساتھ شرکت کرے گا۔
دبئی کو امید ہے کہ چھ مہینے کے گلوبل ایکسپو میں لوگوں کو توجہ حاصل کرے گا جس سے معیشت کو فروغ ملے گا۔
ایک سال کی تاخیر کے بعد دبئی ایکسپو کا آغاز اکتوبر میں ہوگا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے دبئی ایکسپو 2020 کا بھی دورہ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

دبئی ایکسپو میں اسرائیل کے نمائندہ الازار کوہن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اسرائیل کا پویلین کاروبار، صنعت، سرمایہ کاری، ثقافت اور تعلیمی میدان میں باہمی تعاون کے قیام کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔‘
لائر لاپید نے منگل کو متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق اسرائیل کے ساتھ ’معاشی اور تجارتی  تعاون‘ کے ایک معاہدے پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کو بتایا کہ گذشتہ ستمبر میں تعلقات معمول پر آنے کے بعد دو طرفہ تجارت  675 اعشاریہ 22 ملین ڈالر سے زیادہ ہوگئی ہے۔ 

شیئر: