Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں نیٹ فلکس نے پاس ورڈ شیئرنگ پر پابندی عائد کر دی

اس کریک ڈاؤن کے باعث کمپنی کی سبسکرائبرز کی تعداد میں 60 لاکھ مزید  نئے صارفین کا اضافہ ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
نیٹ فلکس نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ اُن کی جانب سے انڈیا میں پاس ورڈ شیئرنگ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اس اعلان کے بعد انڈیا میں صرف ایک ہی گھر کے افراد نیٹ فلیکس استعمال کر سکیں گے۔
نیٹ فلکس کا یہ فیصلہ عالمی سطح پر ہونے والے کریک ڈاؤن کا حصہ ہے جس کا اعلان رواں برس مئی میں کیا گیا تھا کہ جو صارفین اپنے گھر کے علاوہ باہر کسی سے کنکشن شیئر کرتے ہیں اُن پر پابندی لگائی جائے۔
یہ فیصلہ گزشتہ برس ہونے والے مالیاتی خسارے کو کم کرنے کے باعث کیا گیا ہے۔
ویڈیو سٹریمنگ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’گھر میں رہنے والے تمام افراد نیٹ فلکس استعمال کر سکتے ہیں چاہے وہ گھر پر موجود ہوں یا کہیں بھی ہوں۔ وہ ٹرانفسر پروفائل اور مینیج ایسسک اینڈ ڈیوائسس کے نئے فیچر سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔‘
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے اُن صارفین کو ای میلز کرنا شروع کر دی ہیں جو اپنے گھر سے باہر نیٹ فلکس شیئر کر رہے ہیں۔
ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم  نے مئی میں اپنی اہم مارکیٹس سمجھے جانے والے ممالک جیسے امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، آسٹریلیا، سنگاپور، میکسیکو اور برازیل سمیت دنیا بھر کے سو ممالک میں پاس ورڈ شیئرنگ پر پابندی لگائی تھی۔
اس کریک ڈاؤن کے باعث کمپنی کی سبسکرائبرز کی تعداد میں 60 لاکھ مزید  نئے صارفین کا اضافہ ہوا ہے۔
نیٹ فلکس نے جون 2023 تک 23 کروڑ کے زائد سبسکرائبرز حاصل کیے ہیں جبکہ کمپنی کو ڈیڑھ ارب ڈالر کا منافع ہوا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے نیٹ فلکس کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر لوئی نیوولیئر نے کہا کہ ’پاس ورڈ پر کریک ڈاؤن کام کر رہا ہے۔ اس کا سامنا کریں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے نتائج دیکھ کر بھرپور خوشی ہوئی۔ میرے خیال سے سبسکرائبرز کے بڑھنے سے انہوں (نیٹ فلکس) نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔‘
اپنی اَرننگ سٹیٹمنٹ میں نیٹ فلکس نے کہا ہے کہ پاس ورڈ شیئرنگ پر پابندی دنیا بھر کی جائے گی۔
مفت میں نیٹ فلکس دیکھنے والے افراد کو سبسکرائبر بنوانے کے لیے نیٹ فلکس نے ’بورواَر‘ یا ’شیئرڈ‘ کا آپشن متعارف کروایا ہے جس کے بعد اکاؤنٹ کے مالک سبسکرائبر زیادہ پیسے دے کر اضافی پروفائلز شامل کر سکتے ہیں۔
کریک ڈاؤن کے ساتھ ہی نیٹ فلکس نے ’ایڈ سبسیڈائزڈ‘ نے نام سے ایک آفر کو متعارف کروایا تھا جس کے بعد بدھ کے روز کمپنی نے اپنا سب سے کم ایڈ فری پلان جو 10 ڈالر ماہانہ تھا، وہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شیئر: