Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کاجول کی نئی ویب سیریز دی ٹرائل: ’دی گڈ وائف کی سستی کاپی‘

ویب سیریز ’دی ٹرائل‘ میں کاجول وکیل کا کردار ادا کر رہی ہیں (فوٹو: ڈزنی پلس)
بالی وڈ کی اداکارہ کاجول کی نئی ویب سیریز ’دی ٹرائل‘ کو جمعے کے روز ڈزنی پلس ہاٹ سٹار پر ریلیز کر دیا گیا ہے۔
فلموں کے ڈیٹا کی ویب سائٹ ’آئی ایم ڈی بی‘ کے مطابق اس ویب سیریز کی کہانی ایک ایسی گھریلو خاتون (ہاؤس وائف) کے گرد گھومتی ہے جن کے شوہر کو کرپشن اور جنسی سکینڈل میں جیل ہو جاتی ہے اور وہ اپنے گھر کی ذمہ داریاں اپنے کندھوں پر اُٹھا لیتی ہیں۔
اس ویب سیریز میں کاجول وکیل کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ’دی ٹرائل‘ کی مرکزی کاسٹ میں کاجول کے علاوہ علی خان، جیشو سینو گپتا، کبرا سیٹ، شیبا چڈھا اور گوروؤ پانڈے شامل ہیں۔
دی ٹرائل دراصل 2009 میں ریلیز ہونے والی امریکی سیریز ’دی گُڈ وائف‘ کا ہندی ری میک ہے۔ دی گُڈ وائف کے سات سیزن نشر ہوئے تھے اور وہ سیریز 2016 میں ختم ہوگئی تھی۔
دوسری جانب دی ٹرائل کے ریلیز ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کو یہ سیریز کچھ خاص متاثر نہیں کر سکی۔
ایک صارف نے ٹویٹ کی کہ ’کاجول کی ویب سیریز دی ٹرائل ’دی گُڈ وائف‘ کی سستی کاپی ہے۔ صرف یہ فرق ہے کہ گُڈ وائف کی اداکارہ جولیانا مارگولائز نے بہترین اداکاری کی تھی جبکہ کاجول صرف جملے پڑھ رہی ہیں۔ ہم اوریجنل آئیڈیا کیوں نہیں لاتے۔‘
انکت یادوونشی نے لکھا کہ ’ٹرائل سیریز صرف ایک مقصد کے لیے بنائی گئی ہے کہ مَردوں کو بدنام کیا جائے۔‘
پرامیت نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بیٹھ کر دی ٹرائل دیکھنے سے بہتر دیوار پر گیلے پینٹ کو خشک ہوتا دیکھنا تھا۔‘

شیئر: