دادی کو قتل کرنے والے شہری کو سزائے موت
جمعرات 20 جولائی 2023 21:47
جمعرات کوعدالتی فیصلہ نافذ کردیا گیا۔ (فوٹو اخبار 24)
مشرقی ریجن کے حکام نے دادی کے سعودی قاتل کو جمعرات کے روز موت کی سزا دے دی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ سعودی شہری ریان بن سامی بن عبداللہ الدوسری نے اپنی دادی نمشہ الدوسری کو قتل کردیا تھا۔ اس نے دادی کو سر پر ڈنڈے مار کر ہلاک کیا تھا۔ دادی گھر میں سوئی ہوئی تھی۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ریان الدوسری واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے اسے تلاش کرکے عدالت میں پیش کردیا تھا جس نے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر ریان الدوسری کو موت کی سزا سنادی تھی۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے سزائے موت کی توثیق کردی تھی آخر میں ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم نامہ بھی جاری کردیا تھا جسے جمعرات کو نافذ کردیا گیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں