ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی، جمہوریہ گبون نے سعودی عرب کی حمایت کردی
جمعہ 21 جولائی 2023 20:14
ایوان شاہی کے مشیر احمد قطان نے گبون کے صدر سے ملاقات کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمہوریہ گبون کے صدر کے نام جمعے کو زبانی پیغام ارسال کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مشیر ایوان شاہی احمد قطان نے گبون کے دارالحکومت لیبرول میں صدر سے ملاقات کرکے پیغام دیا۔
احمد قطان نے صدر کے لیے شاہ سلمان اور ولی عہد کی جانب سے خیر سگالی کے پیغامات بھی پہنچائے۔
اس موقع پر سعودی عرب اور گبون کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں مستحکم بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی تازہ مسائل بھی زیر بحث آئے۔
گبون کے صدر نے 2030 میں ایکسپو کی ریاض میں میزبانی کے حوالے سے سعودی عرب کی درخواست کی مکمل حمایت کی ہے۔
ایوان شاہی مشیر نے سعودی حکومت کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ موقف دونوں ملکوں کے مستحکم تعلقات کا پتہ دے رہا ہے۔
گبون کے صدر نے سعودی دارالحکومت ریاض میں اس سال پانچویں افریقی کانفرنس اور پہلی سعودی افریقی کانفرنس کے انعقاد کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر گبون میں متعین سعودی سفیر فراج بن نادر بھی موجود تھے۔