امریکی تاریخ میں پہلی بار بحریہ کی قیادت کے لیے خاتون منتخب
ہفتہ 22 جولائی 2023 15:55
لزا فرنچیٹی اس وقت امریکی بحریہ میں وائس چیف آف آپریشنز کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں (فائل فوٹو: اے پی)
امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعے کو بحریہ کی قیادت کے لیے خاتون ایڈمرل لیزا فرنچیٹی کو نامزد کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جو بائیڈن کا یہ اقدام امریکی افواج میں صنفی امیتاز کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہو گا۔
لیزا فرنچیٹی بحریہ کی کمان کرنے اور جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی رکن بننے والی پہلی خاتون ہوں گی۔
امریکی صدر کا یہ فیصلہ کافی حیران کن ہے کیونکہ پینٹاگون حکام کا خیال تھا کہ اس عہدے کے لیے ایڈمرل سیموئیل پاپارو کو نامزد کیا جائے گا۔
ایڈمرل سیموئیل پاپارو بحرالکاہل میں بحریہ کی قیادت کر رہے ہیں اور جنہیں چین کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کا تجربہ بھی ہے۔
لیزا فرنچیٹی اس وقت امریکی بحریہ میں وائس چیف آف آپریشنز کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
ایک بیان میں صدر جو بائیڈن نے لیزا فرنچیٹی کے 38 سالہ تجربے کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’اپنے پورے کیریئر کے دوران ایڈمرل فرنچیٹی نے آپریشنل اور پالیسی دونوں میدانوں میں وسیع مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔‘
’وہ امریکی بحریہ میں فور سٹار ایڈمرل کا رینک حاصل کرنے والی اب تک کی دوسری خاتون ہیں۔‘
لیزا فرنچیٹی امریکی فوج کی کسی شاخ کی سربراہی کرنے والی پہلی خاتون نہیں ہیں۔ گذشتہ برس جو بائیڈن نے ایڈمرل لنڈا فیگن کو امریکی کوسٹ گارڈ کی قیادت کے لیے منتخب کیا تھا۔
تاہم کوسٹ گارڈ باضابطہ طور پر محکمہ دفاع کا حصہ نہیں ہے اور محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے ماتحت ہے۔