عجوہ کھجوروں کی پیداوار اور مارکیٹنگ کے لیے’تراث المدینہ‘ کمپنی قائم کرنے کا اعلان
اتوار 23 جولائی 2023 20:23
کمپنی مدینہ ریجن میں عجوہ کھجور کی پیداواری استعداد بڑھائے گی (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے عجوہ کھجوروں کی پیداوار اور مارکیٹنگ کے لیے ’تراث المدینہ‘ کمپنی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق تراث المدینہ کمپنی مدینہ ریجن میں عجوہ کھجور کی پیداواری استعداد بڑھائے گی۔
مملکت بھر میں غذائی شعبے کو بہتر بنانے میں حصہ لے گی۔ کھجور سے مقامی مصنوعات کی تیاری کو وسعت دے گی۔
العجوہ کھجور دنیا بھر میں اعلی ترین کھجور مانی جاتی ہے۔ اس میں غذائی اور صحت بخش عناصرموجود ہیں۔ یہ پروٹین اور فائبر سے بھر پور ہے اور اس میں اینٹی آکسیڈنٹ جیسی قدرتی خصوصیات ہیں۔
عجوہ کھجور کی مذہبی حیثیت بھی ہے۔ مسلم دنیا میں اسے بڑی مقبولیت حاصل ہے۔ مدینہ منورہ کے زائرین عجوہ کھجور خاص طور پر خریدتے ہیں۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ زراعت اور خوراک کے شعبے میں متعدد سٹرایٹجک منصوبے بنائے ہوئے ہے۔
فنڈ مجموعی قومی پیداوار اور معاشی وسائل میں تنوع کے حوالے سے بھی کوشاں ہے۔ اس میں قہوہ کی السعودیہ کمپنی بھی آتی ہے۔
کمپنی کا ممقصد سعودی عرب کے خولانی قہوے کا معیار بلند کرنا ہے۔
علاوہ ازیں الحلال مصنوعات کو ڈیولپ کرنے والی کمپنی بھی ہے جس کا مقصد مملکت میں حلال مصنوعات کے شعبے کو اوپر لے جانا ہے۔
علاوہ ازیں مویشیوں کی افزائش اور زرعی پروگراموں کے لیے ’سالک‘’ کمپنی ہے۔
تراث المدینہ کمپنی کا مقصد مملکت کے اندر اور باہر عجوہ کھجوروں کی مارکیٹنگ ہے۔
ایک اور مقصد دنیا بھر میں کھجوروں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے کھجوروں کی دیگر اقسام کو بھی بھرپور طریقے سے متعارف کرانا ہے۔
تراس المدینہ کمپنی سائنسدانوں کی مدد سے مدینہ ریجن میں جدید طرز کی پائیدار زراعت کے حوالے سے بھی کام کرے گی۔