جازان میں ’عربی جیسمین‘ کی کاشت، 44 ملین ریال سے فیکٹری قائم ہوگی
جازان ریجن میں جیسمین کے 950 سے زیادہ فارم ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کےجازان ریجن میں 44 ملین ریال کی لاگت سے عربی جیسمین (چمبیلی ) کا عطر تیار کرنے والی فیکٹری قائم کی جائے گی۔
اخبار 24 کے مطابق جازان ریجن میں جیسمین کی کاشت بڑے پیمانے پر کی جارہی ہے۔ یہاں 950 سے زیادہ اس کے فارم ہیں۔ ہر فارم میں سیکڑوں بیلیں ہیں۔
بعض فارم ایسے ہیں جن میںبیلوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔
جازان ایوان صنعت و تجارت کے جائزے کے مطابق عطر تیار کرنے والی فیکٹری جازان شہر میں 3 ہزار مربع میٹر کے پلاٹ پر لگائی جائے گی۔ اس سے سالانہ سو ٹن خوشبو تیار ہوگی۔
ایک اندازے کے مطابق فیکٹری پر جتنا سرمایہ لگایا جائے گا اس سے 530 فیصد منافع متوقع ہے۔ چار برس کے دوران اصل سرمایہ واپس ہوجائے گا۔
پچھلے سال علاقے کے کاشتکاروں نے عربی جیسمین اور خوشبودار پودوں کی ایسوسی ایشن بھی قائم کی ہے۔
طائف کے گلاب سے بھی خوشبو تیار ہوگی اور اسے نہ صرف یہ کہ سعودی عرب کی مارکیٹوں میں پہنچایا جائے گا بلکہ بیرونی دنیا کو بھی یہ خوشبو برآمد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مملکت میں خوشبودار درختوں سے سالانہ 26.4 ہزار ٹن عطر تیار کیا جاتا ہے۔