’درجہ حرارت مسلسل بڑھے گا، اگست سب سے سخت مہینہ‘
مملکت کے مشرقی علاقوں میں سب سے زیادہ گرمی ہوگی (فائل فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز ترجمان حسین القحطانی نے کہا کہ ’اس سال موسم گرما کے دوران درجہ حرارت مسلسل بڑھے گا‘۔
’اگست کے شروع میں خاص طور پر گرمی زیادہ پڑے گی۔ یہ سب سے سخت مہینہ ہوگا‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’جولائی کے دوران بھی مملکت کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت اوسط سے زیادہ ہوگا‘۔
مملکت کے مشرقی علاقوں میں سب سے زیادہ گرمی ہوگی۔ جہاں سائے میں 51 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ الاحسا میں 51 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
قومی مرکز کے مطابق پیر 24 جولائی 2023 کو مملکت کے چار علاقوں میں درجہ حرارت 46 سے 50 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
’رواں ہفتے کے آخر تک مشرقی ریجن، ریاض ریجن، القصیم اور مدینہ منورہ ریجنوں میں درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک ہوگا‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’گرمی کی لہر پورے ہفتے برقراررہے گی۔ مشرقی ریجن میں 48 سے 50، ریاض ریجن کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں 46 سے 48، قصیم ریجن کے مشرقی مقامات اور مدینہ منورہ کے مغربی علاقوں میں درجہ حرارت 46 سے 48 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے’۔