Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دوپہر بارہ سے سہ پہر تین بجے تک دھوپ کی تمازت سے بچا جائے‘

سعودی عرب کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے درجہ حرارت میں اضافے کی صورت میں براہ راست دھوپ میں جانے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ دوپہر بارہ بجے سے سہ پہر تین بجے تک دھوپ میں جانے سے گریز کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ’ موسم گرما میں شدید حرارت کی وجہ سے زمین گرمی جذب کرتی رہتی ہے۔ تمام لوگ صحت و سلامتی کی خاطر ہدایات کی پابندی کریں‘۔ 
موسمیات کے قومی مرکز نے یہ انتباہ ایسے وقت میں جاری کیا ہے جبکہ سعودی عرب کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے۔
 مشرقی ریجن میں درجہ حرارت 48 سے 50 سینٹی گریڈ جبکہ ریاض، قصیم اور مدینہ منورہ ریجنوں میں مختلف مقامات پر درجہ حرارت چالیس سے  48 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز ترجمان حسین  القحطانی نے کہا تھا کہ ’اس سال موسم گرما کے دوران درجہ حرارت مسلسل بڑھے گا‘۔
’اگست کے شروع میں خاص طور پر گرمی زیادہ  پڑے گی۔ یہ سب سے سخت مہینہ ہوگا‘۔ 
 انہوں نے کہا کہ ’جولائی کے دوران بھی مملکت کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت اوسط سے زیادہ ہوگا‘۔ 

شیئر: