Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کولمبو ٹیسٹ میں نسیم شاہ کی شاندار بولنگ، ’یہ دن اور سپیل یاد رکھیں‘

نسیم شاہ نے 17.4 اوورز میں 44 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ایک اننگز اور 233 رنز سے ہرا کر سیریز میں کلین سویپ کر دیا ہے۔
جمعرات کو کولمبو ٹیسٹ کا چوتھا دن پاکستانی بولرز کے نام رہا، جنہوں نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی میزبان ٹیم کو بے بس کیے رکھا۔
سری لنکا کی دوسری اننگز کے دوران پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے عمدہ بولنگ کی۔ انہوں نے 17.4 اوورز میں 44 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
فاسٹ بولر نے اپنے سپیل میں ریورس سوئنگ بولنگ کے غیرمعمولی جوہر دکھائے۔
اُن کے سپیل کے دوران دلچسپ مرحلہ تب آیا جب انہیں لگاتار تین گیندوں پر تین مرتبہ ڈی آر ایس پر ریویو کے باعث وکٹ نہ ملی۔
اننگز کے 61 ویں اوور کی دوسری گیند پر نسیم شاہ نے سری لنکن بیٹر رمیش مینڈس کو ایل بی ڈبلیو کیا، جس پر امپائر نے ناٹ آؤٹ دیا، اس پر پاکستان کے ریویو لینے پر معلوم ہوا کہ گیند وکٹوں کو نہیں لگی۔
اُس سے اگلی گیند پر ایک مرتبہ پھر سے نسیم شاہ نے مینڈس کو آؤٹ کیا جس پر اس مرتبہ امپائر نے آؤٹ دے دیا، تاہم سری لنکا کے ریویو لینے پر معلوم ہوا کہ گیند وکٹوں کو نہیں لگی۔
یہ سلسلہ صرف یہیں نہیں رُکا بلکہ اس سے اگلے یعنی 61 ویں اوور کی چوتھی گیند پر لگاتار تیسری مرتبہ نسیم شاہ نے رمیش مینڈس کو ایل بی ڈبلیو کر دیا جس پر ایک مرتبہ پھر امپائر نے آؤٹ دیا، تاہم بیٹر کے ریویو لینے پر علم ہوا کہ اس مرتبہ بھی گیند وکٹوں کو نہیں لگی۔
نسیم شاہ اس کے بعد رُکے نہیں اور پیسر نے سری لنکا کی آخری تین وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کو تاریخی فتح سے ہمکنار کروا دیا۔
نسیم شاہ کی سنسنی خیز بولنگ پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرکٹ شائقین کے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ٹوئٹر ہینڈل چینج آف پیس نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ دن یاد رکھیں، یہ سپیل یاد رکھیں۔ نسیم شاہ نے اپنی لامحدود صلاحیتوں میں قدم رکھا ہے اور وہ ہماری آںکھوں کے سامنے ورلڈ کلاس فاسٹ بولر بن رہے ہیں۔
اسد عبداللہ نے تبصرہ کیا کہ ’نسیم شاہ، شاندار، بالکل شاندار۔
کومل اس بارے میں کہتی ہیں کہ ’نسیم شاہ کی کامیابیاں ہمیشہ اپنی ذاتی کامیابیاں لگیں گی۔
شفقت شبیر نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’پسینے میں بھیگے ہوئے، ہر گیند کے بعد تیز بھاگتے ہوئے، نسیم شاہ آپ ہمیشہ ایک ہیرو رہو گے۔
نسیم شاہ نے کو 17 ویں اوور تک شاندار ریورس سوئنگ بولنے کے باوجود وکٹ نہ ملی۔ اس بارے میں ہیمنت بُچ نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں نے ریورس سوئنگ کا بہترین سپیل دیکھا ہے اور اس نے ابھی تک کوئی وکٹ بھی حاصل نہیں کی۔ نسیم شاہ بہت زیادہ بدقسمت ہیں۔
اے زیڈ خواجہ کا کہنا تھا کہ ’نعمان علی کی سات وکٹیں لینے کی یاد ختم ہو جائے گی، لیکن یہ کبھی نہیں بھولیں گے کہ نسیم شاہ نے آج کیسی بولنگ کی ہے، بالکل جادوئی۔

شیئر: