کرکٹر نسیم شاہ پولیس افسر بن گئے، ’مجھ سے کوئی نہیں ڈرے گا‘
کرکٹر نسیم شاہ پولیس افسر بن گئے، ’مجھ سے کوئی نہیں ڈرے گا‘
ہفتہ 4 فروری 2023 17:02
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ بولر نسیم شاہ کو بلوچستان پولیس نے اپنا خیر سگالی کا سفیر مقرر کیا ہے۔
سنیچر کو کوئٹہ میں آئی جی پولیس کے دفتر میں منعقدہ تقریب میں بلوچستان کے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ زاہد سلیم اور بلوچستان پولیس کے انسپکٹر جنرل عبدالخالق شیخ نے نسیم شاہ کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) رینک کے بیجز لگائے۔
آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ کا کہنا تھا کہ بلوچستان پولیس نے نسیم شاہ کو اعزاز دیا ہے یہ ہماری پولیس کے لیے بھی اعزاز کی بات ہے کہ وہ ہمارا حصہ بننے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کے قومی ہیروز میں نسیم شاہ کا اس لیے انتخاب کیا کہ انہوں نے مشکلات اور کم وسائل کے باوجود کرکٹ میں اپنا نام بنایا۔
انہوں نے اپنی کرکٹ کا آغاز گلی کوچوں سے کیا، انڈر 16، انڈر19، فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی اور آج پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’بلوچستان پولیس کو بھی وسائل کی کمی اور ناموافق حالات کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود پولیس اہلکار دلیری سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ بلوچستان پولیس کے نو سو سے زائد اہلکاروں اور افسران نے فرائض کی انجام دہی کے دوران جانیں قربان کی ہیں۔‘
عبدالخالق شیخ کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کو اعزازی ڈی ایس پی بنانے کا مقصد پولیس کے مثبت چہرے کو اجاگر کرنا اور عوام اور پولیس میں دوریوں کا خاتمہ ہے۔
آئی جی پولیس نے نسیم شاہ کی تعریف کی اور کہا کہ وہ پولیس کی وردی میں جاذب نظر آتے ہیں۔
’ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان پولیس کے افسران اور اہلکار بھی نسیم شاہ کی طرح فٹ اور سمارٹ نظر آئیں۔ان کے چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ ہوتی ہے۔‘
اس موقع پر نسیم شاہ نے ایک دلچسپ جملہ کہا کہ ’میری طرح کے پولیس افسر سے کوئی نہیں ڈرے گا۔‘
آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے اس کے جواب میں کہا کہ ’پولیس عوام کی محافظ اور دوست ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ پولیس سے ڈرنے کی بجائے انہیں اپنا سمجھیں۔‘
کرکٹر نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ وہ بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں کہ آج بلوچستان پولیس کا حصہ بنے ہیں۔
’میں نے پولیس اہلکاروں کو پوری رات جاگتے ہوئے ڈیوٹی دیتے ہوئے کرتے ہوئے دیکھا ہے جس کے بعد میرے دل میں ان کی عزت بڑھی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں پولیس اہلکاروں کو سراہنا چاہیے کہ وہ ہر مشکل وقت میں ملک و قوم کی خدمت کرتے ہیں۔‘
نسیم شاہ نے اعزازی ڈی ایس پی بننے کے بعد آئی جی پولیس کے دفتر کے احاطے میں پولیس کے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔