دمشق میں شیعہ زیارت گاہ میں بم دھماکہ، داعش نے ذمہ داری قبول کر لی
ہفتہ 29 جولائی 2023 10:15
دمشق میں شیعہ زیارت گاہ کے گرد سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ فائل فوٹو: روئٹرز
شدت پسند تنظیم داعش (آئی ایس) نے کہا ہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں اس کا ہاتھ تھا جس میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے تھے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو یہ دھماکہ دمشق میں سیدہ زینب کے مزار کے قریب ہوا جو شام کی سب سے مشہور شیعہ زیارت گاہ ہے۔
دھماکہ عاشورا سے ایک دن قبل کیا گیا۔
ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر ایک بیان میں داعش گروپ نے کہا کہ اس کے کچھ جنگجوؤں نے شامی حکومت اور مقبرے کے علاقے کی حفاظت کرنے والی ملیشیاؤں کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کو توڑ کر دھماکہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وہ شیعہ زائرین کے اجتماع کے دوران ایک بم بندھے موٹر سائیکل کو پارک کرنے اور دھماکہ کرنے میں کامیاب رہے۔‘
دمشق میں حکام نے عاشورہ کے دوران اس علاقے میں سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے ہیں۔ اس مزار کو شیعہ اسلام میں سب ایک اہم مقام سمجھا جاتا ہے جہاں ہزاروں افراد زیارت کے لیے آتے ہیں۔
جمعے کے روز اسی پیغام میں داعش یا آئی ایس نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ’ایک اور بم حملے میں اسی علاقے میں شیعہ زائرین کو لے جانے والی ایک بس کو نشانہ بنایا گیا جس میں کم از کم دو افراد زخمی ہوئے اور گاڑی کو تباہ کر دیا گیا۔‘
سرکاری میڈیا نے ایک سکیورٹی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ منگل کو شام کے دارالحکومت کے اسی علاقے میں ایک کار میں ہونے والے دھماکے میں دو شہری زخمی ہو گئے تھے۔
نہ صرف شام بلکہ ہمسایہ ملک عراق میں بھی شیعہ مزارات آئی ایس یا داعش گروپ کے انتہا پسندوں کے حملوں کا اکثر نشانہ بنتے ہیں۔