Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ کھلاڑی سمجھتے ہیں انہیں سب کچھ آتا ہے،‘ کپل دیو کی انڈین کرکٹ ٹیم پر تنقید

کپل دیو نے انڈین کھلاڑیوں کے متعلق کہا کہ پیسہ آ جائے تو تکبر آجاتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
سابق کرکٹ کپتان کپل دیو نے انڈین ٹیم کے کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے ان پر متکبر اور انا پرست ہونے کا الزام لگایا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق کپل دیو نے انڈین ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں پر بات کرتے ہوئے کہا ’یہ کھلاڑی سمجھتے ہیں کہ انہیں سب کچھ آتا ہے۔‘
کپل دیو نے امریکی میگزین ’دی وِیک‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اختلاف سامنے آ سکتے ہیں اور اِن (انڈین) کھلاڑیوں کے بارے میں اچھی بات یہ ہے کہ انہیں خود پر بہت اعتماد ہے۔ ان کے بارے میں منفی بات یہ ہے کہ یہ سمجھتے ہیں کہ انہیں سب کچھ آتا ہے۔‘
’مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ اس بات کو اس سے زیادہ اچھی طرح کیسے سمجھاؤں۔ یہ کھلاڑی سمجھتے ہیں کہ انہیں کسی سے بھی کچھ پوچھنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘
ورلڈ کپ کے فاتح کپتان نے مزید کہا کہ ’کبھی کبھار بہت زیادہ پیسہ آ جائے تو تکبر آجاتا ہے۔ یہ کھلاڑی سمجھتے ہیں انہیں سب کچھ آتا ہے۔ یہی فرق ہے۔ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ایسے بہت سے کرکٹر ہیں جنہیں رہنمائی کی ضرورت ہے۔‘
’جب سنیل گواسکر وہاں (سٹیڈیم) میں ہوتے ہیں تو یہ اُن سے کچھ سیکھنے کیوں نہیں جاتے۔ اس میں اتنی انا کیوں ہے۔ انا نہیں ہونی چاہیے۔ وہ سمجھتے ہیں ہم بہت قابل ہیں۔ شاید وہ قابل ہوں، لیکن کسی ایسے شخص سے رہنمائی حاصل کرنا جس نے کرکٹ کے 50 سیزن دیکھے ہوں، اس کا مطلب ہے اُسے کچھ آتا ہے۔ سننے سے کبھی کبھار انسان کی سوچ تبدیل ہو جاتی ہے۔‘
دوسری جانب انڈیا کے عظیم بیٹر سنیل گواسکر کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ ’موجودہ کرکٹرز اُن سے کچھ بھی سیکھنے نہیں آتے۔‘

کپل دیو نے کہا کہ انڈین کھلاڑی سمجھتے ہیں کہ انہیں سب کچھ آتا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ ’کوئی بھی کبھی نہیں آیا۔ راہُل ڈریوڈ، سچن تندولکر، وی وی ایس لکشمن باقاعدگی سے میرے پاس آتے تھے اور وہ میرے پاس مخصوص مسئلہ لے کر آتے تھے اور پوچھتے تھے کہ آپ ہمیں یہ بتائیں کہ آپ نے ہمارے اندر کیا خامی ڈھونڈی ہے۔‘
’موجودہ کھلاڑیوں کو سکھانے میں میری کوئی انا نہیں ہے۔ میں ان کے پاس جا سکتا ہوں اور بات کر سکتا ہوں لیکن اُن کے دو کوچز ہیں، راہُل ڈریوڈ اور وکرم راٹھور، لہٰذا کبھی کبھار آپ خود پیچھے ہٹ جاتے ہیں تاکہ کھلاڑی ضرورت سے زائد معلومات سے کنفیوز نہ ہو جائیں۔‘
خیال رہے کہ انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری تین ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں انڈیا کو چھ وکٹوں سے شکست ہوئی ہے۔

شیئر: