Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کپتان ہرمن پریت پر تنقید جاری، ’اپنے رویے سے کھلاڑیوں کے لیے بری مثال قائم کی‘

کپتان ہرمن پریت کور نے امپائر کے لیے تضحیک آمیز الفاظ استعمال کیے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کو میچ کے دوران امپائر کے ساتھ برا برتاؤ کرنے پر بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہرمن پریت کور پر میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ اتوار کو انڈیا اور بنگلہ دیش کی ویمن ٹیمز کے درمیان کھیلی گئی تین ون ڈے میچز کی سیریز میں برا رویہ رکھنے پر ہرمن پریت کور تنقید کی زد میں ہیں۔
میچ کے دوران ناہید اختر کی گیند پر آؤٹ ہونے پر کپتان ہرمن پریت کور نے غصے میں آ کر وکٹوں کو بیٹ سے مارا اور امپائر کے لیے تضحیک آمیز الفاظ استعمال کیے۔
اس کے بعد جب دونوں ٹیموں کے درمیان ٹرافی شیئر کرنے کا وقت آیا تو انہوں نے منتظمین سے طنزیہ انداز میں امپائروں کو بھی ٹرافی اٹھانے کے لیے بلانے کا کہا جس پر بنگلہ دیش ٹیم کی کپتان نگار سلطانہ کو یہ بات سخت ناگوار گزری اور وہ اپنی ٹیم کو وہاں سے لے کر ڈریسنگ روم میں چلی گئیں۔
خواتین ٹیم کی سابق کپتان ڈیانہ ایڈلجی نے منگل کو اخبار انڈین ایکسپریس میں لکھے گئے کالم میں کہا کہ وہ طویل عرصے سے کرکٹ دیکھ رہی ہیں لیکن کبھی کسی کا ایسا رویہ نہیں دیکھا جیسا کہ ہرمن پریت کور نے میچ کے بعد اپنایا۔
ڈیانہ ایڈلجی نے کہا کہ ’ہرمن پریت کور نے ایسا کر کہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے لیے بری مثال قائم کی ہے۔ میں یہ اس لیے کہہ رہی ہوں کیونکہ جونیئر اپنے بڑوں سے متاثر ہوتے ہیں اور ایسے رویے ٹیم کے کلچر پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہرمن پریت کا امپائرز کو بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ سٹیج پر کھڑے ہونے کا کہنا انتہائی افسوسناک ہے جس سے انہوں نے یہ تاثر دیا کہ امپائر بھی بنگلہ دیشی ٹیم کا حصہ ہیں اور انہی کے لیے کھیل رہے ہیں۔‘

شیئر: