ناسا کا زمین سے 19 ارب کلومیٹر دور خلائی گاڑی سے رابطہ منقطع
منگل 1 اگست 2023 17:38
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ناسا کے سائنسدانوں کی طرف سے خلائی گاڑی کو غلط سگنلز بھیجے گئے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی خلائی ادارے ناسا کی جانب سے خلا میں بھیجی جانے والی خلائی گاڑی ’وائجر 2‘ کا زمین سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
برطانوی اخبار ’دا گارڈین‘ کے مطابق خلائی گاڑی کا ناسا سے رابطہ تقریباً ایک ہفتے قبل اس وقت ختم ہوا جب ناسا کے سائنسدانوں کی طرف سے خلائی گاڑی کو غلط سگنلز بھیجے گئے جس کے باعث ’وائجر 2‘ کے انٹینے کا رخ تبدیل ہوگیا اور اس کا رابطہ زمین سے منقطع ہوگیا۔
پیر کی رات کو ناسا کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی آسٹریلوی شہر کینبرا میں نصب ایک بڑے انٹینے کی مدد سے ’وائجر 2‘ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
خلائی گاڑی ’وائجر 2‘ ایک اندازے کے مطابق زمین سے اس وقت 19 ارب کلومیٹر دور ہے اور زمین سے بھیجے گئے سگنل کو خلا میں اتنی اونچائی پر پہنچنے میں 18 گھنٹے سے زائد وقت لگتا ہے۔
’وائجر 2‘ کو 1977 میں فلوریڈا سے لانچ کیا گیا تھا جس کا مقصد جوپیٹر، ساٹرن، یورینس اور نیپچون سے متعلق معلومات اکھٹی کرنا تھا۔
یہ خلائی گاڑی 2018 میں کہکشاں کے مدار میں داخل ہوئی تھی جہاں اس نے یورینس اور جوپیٹر کے نظام کا مشاہدہ کرنا شروع کیا تھا۔
اگر ناسا کا خلائی گاڑی سے رابطہ نہیں ہوتا تو سائنسدانوں کو اکتوبر کا انتظار کرنا پڑا گا کیونکہ اس وقت ’وائجر 2‘ کا انٹینا خودکار طریقے سے اپنی جگہ پر بحال ہوجائے گا۔