Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کئی شعبوں میں معاہدوں اور سعودی سرمایہ کاری کی امید ہے: سفیر پاکستان

قونصل جنرل خالد مجید نے جدہ آمد پر سفیر پاکستان کا خیرمقدم کیا (فوٹو: اردونیوز)
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زرعی شعبے میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون ، معاہدوں اور سرمایہ کاری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ سے بہت اچھے رہے ہیں۔ پاکستانی تارکین کا مملکت میں ایک اہم کردار ہے‘۔
احمد فاروق نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد بدھ کو جدہ کے اپنے پہلے سرکاری دورے میں مصروف دن گزارا۔ جدہ قونصلیٹ کے افسران سے ملاقاتیں کیں۔
ذرائع ابلاع کے نمائندوں، کمیونٹی کی شخصیات ، کشمیر کمیٹی جدہ اور جموں و کشمیر کمیٹی اوورسیز کے وفد سے بھی ملاقات کی اور سوالات کے جواب دیے۔
اس موقع پر قونصل جنرل خالد مجید نے سفیر پاکستان کا خیرمقدم کیا اور انہیں قونصلیٹ کی سطح پر کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بشمول دفاعی شعبے میں بہت مضبوط ہیں تاہم دونوں ملکوں نے 2019 میں معاشی تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کےلیے پاک، سعودی سپریم کوآرڈینیش کونسل قائم کی تھی۔ اس کے تین ستون سیاسی و دفاعی، معاشی اور ثقافتی وسماجی ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’معاشی ستون کے تحت متعدد انیشیٹوز اور معاہدوں پر کام ہو رہا ہے۔ ان میں سب سے اہم آئل ریفائنری پروجیکٹ ہے‘۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ’ آئل ریفائنری منصوبے پر سعودی آرامکو، پاکستان سٹیٹ آئل اور دیگر کمپنیوں نے فزیبلٹی پر کام کیا ہے۔ کمرشل معاہدہ ہونے پر جلد ریفائنری پرکام شروع ہونے کی توقع ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ’ پاکستان میں ہونے والی معدنیات کانفرنس میں سعودی عرب نے دلچسپی لی ہے۔ معدنیات کے شعبے میں سعودی سرمایہ کاری آنے کی امید ہے‘۔

سفیر پاکستان نے کمیونٹی شخصیات سے ملاقات کی اور سوالات کے جواب دیے (فوٹو: اردونیوز)

 انہوں نے زرعی شعبے میں بھی تعاون کا امکان ظاہر کیا اور کہا کہ’ زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کا فائدہ بڑا یہ ہوگا کہ پاکستان ایکسپورٹ بڑھے گی اور سعودی عرب کی غذائی ضروریات پوری ہوں گی‘۔
’ایک اور شعبہ جس میس سرمایہ کاری کی کوشش ہورہی ہے وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ہے۔ اس پر ہم کافی کام کرر ہے ہیں۔ اس میں بھی ایک دو معاہدے حتمی مرحلے میں ہیں۔ ان پر جلد دستخط ہو جائیں گے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سرکاری اور پرائیویٹ سیکڑ دونوں حوالے سے اس شعبے میں گروتھ ہو رہی ہے۔ ہمارے لیے بزنس کے مواقع ہیں‘۔
ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب میں پاکستانی سکلڈ لیبر لانے پر بھی توجہ ہے، سفارتخانہ اور قونصلیٹ اس حوالے سے کام کررہے ہیں‘۔
’مملکت میں تعمیرات کے شعبے میں اس وقت زیادہ سرمایہ کاری ہورہی ہے۔ کوشش ہے پاکستان کی اچھی تعمیراتی کمپنیو ں کو یہاں لایا جائے تاکہ انجینیئرز اور ورکرز کو ملازمت زیادہ سے زیادہ مواقع مل سکیں‘۔

قونصل جنرل خالد مجید نے سفیر پاکستان کا خیرمقدم کیا (فوٹو: اردونیوز)

سفیر پاکستان نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کہا کہ’ وہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے حوالے سے مثبت پہلووں کو اجاگر کریں اور ایک روش تصویر پیش کریں‘۔
احمد فاروق نے پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل اور فلاح وبہبود کے حوالے سے  کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے پاکستان کےلیے مسسلسل سعودی عرب کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور سعودی قیادت کی جانب سے امت مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کو فروغ دینے کے لیے مثبت کردار کو سراہا۔
قبل ازیں سفیر پاکستان نے مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی تقریب میں شرکت کی۔

شیئر: