انڈیا سے آئی انجو کے ویزے میں توسیع، ’وہ جہاں چاہیں گی وہاں رہیں گے‘
جمعرات 3 اگست 2023 17:05
زین الدین احمد، خرم شہزاد، اردو نیوز
انڈیا سے چند روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع دِیر میں آکر وہاں کے رہائشی نصراللہ سے شادی کرنے والی خاتون انجو (فاطمہ) کے ویزے میں دو ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔
فاطمہ کے شوہر نصراللہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’فاطمہ کے ویزے میں ابتدائی طور پر دو ماہ کی توسیع کی گئی ہے اور وہ توقع کر رہے ہیں کہ اس کے بعد انہیں ایک برس کا ویزہ دیا جائے گا، اور پھر وہ یہاں مستقل بنیادوں پر رہائش رکھنے کی منصوبہ بندی کریں گی۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت پاکستان ان کی اہلیہ کے بچے بھی ان کو دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔
نصراللہ سے جب پوچھا گیا کہ کیا اب ان کی اہلیہ واپس انڈیا جائیں گی؟ تو ان کا کہنا تھا کہ آپ خود سوچیں کہ وہ واپس انڈیا گئیں تو ان کے ساتھ کیا کیا جائے گا۔ ایسے میں وہ کیسے جا سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب فاطمہ دِیر کے مقامی رسم ورواج کے مطابق زندگی گزاریں گی اور انہوں نے ان کو یہاں کے رہن سہن کے بارے میں سمجھایا ہے۔
نصراللہ نے کہا کہ فی الحال وہ (فاطمہ) میڈیا سے بات نہیں کر رہیں کیونکہ ان کے لیے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، اور جب یہ مسئلے ختم ہو گئے تو اس وقت وہ بات بھی کریں گی، اور اگر چاہیں گی تو ان کے ساتھ ان ہی کی کمپنی میں ملازمت بھی کریں گی۔
اُن سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اور فاطمہ دِیر میں ہی رہیں گے جہاں وہ پہلے سے ملازمت کر رہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ’وہ (فاطمہ) جہاں چاہیں گی وہاں رہیں گے اور جو وہ چاہیں گی ویسا ہی کریں گے۔‘
انڈیا کے دارالحکومت دہلی کی رہائشی انجو پاکستانی شہری نصراللہ کے ساتھ فیس بک پر دوستی کے بعد 22 جولائی کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئی تھیں اور چند روز بعد انہوں نے ان کے ساتھ نکاح کر لیا تھا۔
اس سے کچھ عرصہ قبل پاکستان کے صوبہ سندھ سے ایک خاتون سیما حیدر انڈیا پہنچی تھیں جہاں انہوں نے ایک مزدور سچن سے شادی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ انہیں اب بالی وڈ فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی ہے۔