امارات میں سرکاری سکول کب کھلیں گے، تعطیلات کا شیڈول کیا ہے؟
موسم سرما کی تعطیلات 11 دسمبر سے 29 دسمبر تک ہوں گی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات میں سکولوں کے ادارے نے کہا ہے کہ ’28 اگست کو سرکاری سکول کھل جائیں گے۔ پرائمری، مڈل اور ثانوی سکولوں میں تعلیم شروع ہوجائے گی۔‘
الامارات الیوم کے مطابق ادارے کا کہنا ہے کہ ’اساتذہ، دفتری کارکنان اور تکنیکی عملہ 21 اگست سے ڈیوٹی پر ہو گا۔‘
سرکاری سکولوں کا نیا اکیڈمک کیلنڈر جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’21 سے 25 اگست تک اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت ہو گی۔‘
پہلا تعلیمی سیشن 21 اگست کو تعلیمی انتظامی اورپیشہ ورانہ عملے کی ڈیوٹی سے شروع ہو گا۔
موسم سرما کی تعطیلات 11 دسمبر سے 29 دسمبر تک ہوں گی جبکہ تعلیمی اور انتظامی عملے کی موسم سرما کی تعطیلات 18 سے 29 دسمبر تک ہوں گی۔
گروپ بی کے امتحانات 20 سے 24 نومبر کے درمیان ہوں گے جبکہ پہلے تعلیمی سیشن کے اختتام پر امتحانات 27 سے 29 نومبر تک ہوں گے۔
چار سے آٹھ دسمبر تک امتحانات شروع ہوں گے۔ اس دوران الشھید اور نیشنل ڈے کی تعطیلات یکم سے تین دسمبر کے درمیان رہیں گی۔
دوسرا تعلیمی سیشن دو جنوری 2024 اور تیسرا تعلیمی سیشن 15 اپریل 2024 سے شروع ہو گا۔
امارات میں سکولوں کے ادارے کا کہنا ہے کہ ’آئندہ تعلیمی سال 38 ہفتوں پر مشتمل ہو گا۔‘