’تعلقات کی مضبوطی‘ السعودیہ کی بیجنگ کے لیے براہ راست پروازیں
’تعلقات کی مضبوطی‘ السعودیہ کی بیجنگ کے لیے براہ راست پروازیں
اتوار 6 اگست 2023 18:17
ہر ہفتے پیر اور جمعے کو جدہ سے بیجنگ کےلیے دو پروازیں چلیں گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عریبین ایئرلائنز(السعودیہ) نے سعودی عرب اور چین کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کے ایک قدم کے طور پر جدہ اور ریاض سے بیجنگ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
یہ اقدام 2030 تک سالانہ سو ملین سیاحوں کا ہدف پورا کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جدہ اور ریاض سے بیجنگ کے لیے براہ راست پروازیں دونوں ملکوں کے سیاحتی تعلقات کو فروغ دینے کےلیے شروع کی گئی ہیں۔
اس اقدام سے چین اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کے نئے امکانات سامنے آئیں گے۔
نئی فضائی سروس دونوں ملکوں کوفضائی نظام سے جوڑنے والے پروگرام کا حصہ ہے۔
السعودیہ کے ایگزیکٹیو چیيئرمیان کیپٹن ابراہیم الکشی کا کہنا ہے کہ ’السعودیہ 250 بین الاقوامی ایئرپورٹس تک رسائی کے لیے قومی حکمت عملی کی تکمیل کی پالیسی پر گامزن ہے‘۔
السعودیہ نے پچھلے چھ ، سات ماہ کے دوران 25 نئی منزلیں متعارف کرائی ہیں جس میں تازہ ترین چینی دارالحکومت بیجنگ ہے۔
السعودیہ ہر ہفتے پیر اور جمعے کو جدہ سے بیجنگ کےلیے دو پروازیں چلائے گی جبکہ ریاض سے بھی مسافر ہر اتوار اور بدھ کو بیجنگ جا سکیں گے۔