السعودیہ ایئر کا حج آپریشن کے لیے معاہدہ، 164 طیارے مختص
جدہ اورمدینہ سمیت 6 شہروں میں حج فلائٹوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی فضائی کمپنیوں کے گروپ نے اس سال حج موسم 1444ھ کے حوالے سے اپنا آپریشنل پروگرام جاری کردیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس سال سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) ادیل ایئر اور پرائیویٹ سعودی ایئرلائن کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک سے 12 لاکھ سے زیادہ نشستیں عازمین حج کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ 164 طیارے حج آپریشن کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں۔
عازمین حج کو سو سے زیادہ شیڈول ہوائی اڈوں اور14سیزنل ہوائی اڈوں سے سفر حج کرایا جائے گا۔
8 ہزار سے زیادہ پائلٹ حج پروازوں پر تعینات کیے گئے ہیں ۔سعودی فضائی کمپنیوں نے گزشتہ دنوں متعدد ممالک کے حج اداروں کے ساتھ اس ضمن میں معاہدے کیے ہیں۔
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے حج پروازوں سے سفر کرنے والوں کے لیے سپیشل اسلامی آگہی سروس کا بھی اہتمام کیا ہے۔
عازمین حج کو مذہبی پروگرام اور حج سے متعلق آگہی فراہم کی جائے گی۔ 134گھنٹے سے زیادہ دورانیے پر مشتمل مختلف دینی پروگراموں کا انتظام کیا گیا ہے۔ 590 گھنٹے کی قرآن کریم کی تلاوت کا بھی بندوبست کیا گیا ہے ۔ اسلامی پروگرام عربی کے علاوہ انگریزی، انڈونیشی اور چینی زبانوں میں پیش کیے جائیں گے۔عازمین حج کے لیے دیگر زبانوں میں بھی دینی پروگراموں کا انتظام کیا گیا ہے۔