گزشتہ ماہ جولائی میں ریلیز ہونے والی نئی ہالی وُڈ فلم ’باربی‘ نے دنیا بھر سے ایک ارب ڈالر کما لیے ہیں۔
روئٹرز اور اے ایف پی کے مطابق باربی نے اپنی ریلیز کے دو ہفتوں میں ہی ایک ارب ڈالر کما لیے ہیں۔
باربی کی تاریخی کمائی نے اِس کی ہدایتکارہ گریٹا گریوِگ کو باکس آفس پر سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی خاتون ڈائریکٹرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر لا کھڑا کیا ہے۔
گریٹا گریوِگ نے باربی کے ذریعے فلم ’وَنڈر ویمن‘ کی ہدایتکارہ پیٹی جینکنز کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
ورانر بروز پکچرز نے اتوار کے روز بتایا کہ فلم نے شمالی امریکہ کے سنیما گھروں سے 45 کروڑ 9 لاکھ ڈالر کمائے ہیں جبکہ اس فلم نے رواں ہفتے کے آخر تک دنیا بھر سے 57 کروڑ ایک لاکھ ڈالر کمائے ہیں جس کے بعد اِس کی کل کمائی ایک ارب ڈالر سے زائد ہوگئی ہے۔
مارگوٹ روبی کی یہ فلم تیسرے ہفتے میں داخل ہونے پر بھی پہلے نمبر پر رہی ہے۔ باربی نے امریکہ سے تیز ترین 40 کروڑ ڈالر اور دنیا بھر سے تیز ترین 50 کروڑ ڈالر کمائے ہیں جو کہ وارنر بروز پکچرز کے سٹوڈیو کی تیز ترین کمائی ہے۔ اس فلم نے مشہور زمانہ ہیری پورٹر فلم سیریز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
رواں برس باربی سب سے زیادہ ٹکٹیں بیچنے والی دوسری فلم بن گئی ہے۔ اس سے اوپر فلم ’دی سپر ماریو بروز‘ ہے جس نے کُل ایک ارب 35 کروڑ ڈالر کے ٹکٹ فروخت کیے تھے۔
باربی کی مرکزی کاسٹ میں مارگوٹ روبی، ریان گاسلینگ، گریٹا گیروِگ، وِل فیرل، ایما میک کے اور سِیمو لِیو شامل ہیں۔
اس فلم کی کہانی ’باربی ورلڈ‘ میں رہنے والی باربی (مارگوٹ روبی) اور کین (ریان گاسلینگ) کے گرد گھومتی ہے جو اپنے باربی ورلڈ سے باہر کی دنیا میں آتے ہیں اور پھر انسانوں کے درمیان خوشیاں اور خطرات کو ڈھونڈتے ہیں۔