Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں ہالی وڈ فلم ’باربی‘ کو نمائش کی اجازت مل گئی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت نے منگل کے روز صوبہ بھر کے سینما گھروں میں ہالی ووڈ فلم باربی کی نمائش کی اجازت دے دی ہے۔
وزیر اعلی آفس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر فلم باربی کے حوالے سے فل سنسر بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں فلم باربی کو پنجاب میں نمائش کی اجازت دے دی گئی اجلاس کے دوران میں فلم باربی کا دوبارہ ریویو کیا گیا۔‘
اس سے پہلے گذشتہ مہینے 21 جولائی کو ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی صوبائی سنسر بورڈ نے فلم کو این او سی جاری کیا تھا۔ تاہم سینیما گھروں میں فلم نمائش کے لیے پیش ہوتے ہی اسے صوبائی حکومت نے پولیس کے ذریعے رکوا دیا تھا۔
سنسر بورڈ کے حکام کا کہنا تھا کہ فلم میں قابل اعتراض الفاظ سنسر بورڈ نے پہلے ہی حذف کر دیے تھے اس لیے اسے نمائش کی اجازت دی گئی تھی۔ پنجاب کے وزیر اطلاعات عامر میر نے البتہ کہا تھا کہ فلم میں ہم جنس پرستی سے متعلق مواد ہے جس کی وجہ سے عارضی طور پر فلم کو روکا گیا ہے جلد ہی فل سنسر بورڈ دوبارہ ریویو کرے گا۔
خیال رہے کہ فل سنسر بورڈ کے اجلاس میں صوبے کے وزیر اعلی خود بھی موجود ہوتے ہیں۔ منگل کے روز فل سنسر بورڈ نے فلم کی نمائش کی اجازت دے دی ہے۔ اس سے پہلے پاکستانی فلم جوائے لینڈ کو بھی پنجاب میں نمائش کی اجازت نہیں ملی تھی اس وقت صوبے کے وزیر اعلی چوہدری پرویز الہی تھے۔

شیئر: