عبدالرحمن السدیس مسجد الحرام اور مسجد نبوی مذہبی امور انتظامیہ کے سربراہ مقرر
ایوان شاہی نے متعلقہ اداروں کو فرمان پرعمل درآمد کی ہدایت کی ہے( فوٹو: عاجل)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی مذہبی امور انتظامیہ کا سربراہ بدرجہ وزیر مقرر کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ایوان شاہی نے منگل کو فرمان جاری کرکے کہا کہ’ شاہ سلمان نے ڈاکٹرعبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی مذہبی امور انتظامیہ کا سربراہ بدرجہ وزیر مقررکیا‘۔
ایک اور شاہی فرمان کے ذریعے وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کے لیے جنرل اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیرمین مقرر کیا گیا۔
ایوان شاہی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ شاہی فرمان پرعمل درآمد کا اہتمام کریں۔
یاد رہے کہ سعودی کابینہ نے مسجد الحرام و مسجد نبوی مذہبی امور کی پریذیڈنسی کے نام سے دو نئے خودمختار اداروں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی مذہبی امور پریذیڈنسی کے نام سے خودمختار ادارہ انتظامی اعتبار سے براہ راست بادشاہ کے ماتحت ہوگا۔
حرمین شریفین میں آئمہ اور موذن کے امور کی نگرانی اور دونوں مساجد میں مذہبی امور سے متعلق تمام معاملات، اختیارات اور فرائض نئے ادارے کو منتقل ہوجائیں گے۔
حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی سے منسلک علمی اسباق اور وعظ و نصیحت کی مجالس کے انتظامات بھی نئے ادارے کے حوالے کیے گئے ہیں۔
کابینہ نے مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی کو مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کی نگراں جنرل اتھارٹی میں تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
اتھارٹی مالیاتی اور انتظامی اعتبار سے خودمختار ہوگی۔ انتظامی اعتبار سے بادشاہ سے مربوط ہوگی۔ سابقہ ادارے کے اختیارات و فرائض اور امور نئے ادارے کو منتقل کردیے گئے۔
علاوہ ازیں مسجد الحرام اور مسجد نبوی مذہبی امورکے ادارے کا سربراہ بدرجہ وزیر مقرر کیے جانے پر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے شاہ سلمان بن عبدالعزیزاور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے ممنونیت کے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ شاہی اعتبار کا تقاضا ہے کہ’ ہم مذہبی امور کے ادارے کو جدید تر بنانے اور حرمین شریفین کا پیغام پوری دنیا تک پہنچانے کے لیے مزید جدوجہد کریں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ نیا شاہی فرمان حرمین شریفین سے سعودی ریاست کے حکمرانوں کی عقیدت کے طویل سلسلے کا حصہ ہے‘۔