سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح کی سربراہی میں وفد نے جو سرکاری اداروں، قومی کمپنیوں اور پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندوں پر مشتمل تھا لاطینی امریکہ کا سرکاری دورہ مکمل کرلیا۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق خالد الفالح نے دورہ پانامہ کے دوران وزیر خارجہ اور وزیر تجارت سے ملاقاتیں کیں۔
سعودی عرب اور جمہریہ پانامہ کے دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں اقتصادی و سرمایہ کاری تعلقات کو جدید خطو پر استوار کرنے کے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے موضوعات کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے واقفیت، شراکت اور تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں مملکت اور پانامہ کے درمیان تعاون کے شعبوں اور سرمایہ کاری شراکت کے موضوع پر بھی بات چیت کی گئی۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری نے 31 جولائی 2023 کو لاطینی امریکہ کے مختلف ممالک کے دورے کا آغاز کیا تھا۔
تعاون اور ہم آہنگی بڑھانے کہ طریقوں، سرمایہ کاری کی شراکت کے حجم کا دائرہ وسیع کرنے اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے وسیع البنیاد مذاکرات کیے۔
دورے کا مقصد لاطینی امریکہ کے ملکوں اور سعودی عرب کے درمیان موجود سٹراٹیجک شراکت اور سرمایہ کاری تعلقات کا فروغ تھا۔