Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراق میں عسکریت پسندوں سے جھڑپ میں پانچ ترک فوجی ہلاک

یہ واقعہ عراق ترکیہ سرحد کے قریب کرد ریجن زاب میں پیش آیا۔ فوٹو اے ایف پی
شمالی عراق میں کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران پانچ ترک فوجی ہلاک ہو گئے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق ترکیہ کی وزارت دفاع نے جمعرات کو بتایا کہ یہ واقعہ عراق ترکیہ سرحد کے قریب کرد ریجن زاب میں پیش آیا، جہاں ترکی سرحد پار فوجی آپریشن(کلاؤ لاک) کر رہا ہے۔
انقرہ کا کہنا ہے کہ کردستان ورکرز پارٹی کو ترکیہ میں حملے کرنے کے لیے عراق کو اڈے کے طور پر استعمال کرنے سے روکنے کے لیے یہ فوجی آپریشن کیا جا رہا ہے۔
ترکیہ کی وزارت دفاع کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ ترک فوج کے پانچ اہلکار کردستان ورکرز پارٹی کے عسکریت پسندوں کی جانب سے فائرنگ میں اس وقت مارے گئے جب وہ تلاشی مہم جاری رکھے ہوئے تھے۔

ترک فوجی علاقے میں تلاشی مہم جاری رکھے ہوئے تھے۔ فوٹو عرب نیوز

اہلکار نے مزید کہا کہ زاب ریجن میں کردستان ورکرز پارٹی کے عسکریت پسندوں نے متعدد علاقوں میں بڑے پیمانے پر قلعہ بندی کر رکھی ہے لیکن اس کے باوجود تمام علاقے سے دہشت گردوں کا قلع قمع کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ  شمالی علاقے میں موجود کردستان ورکرز پارٹی کو ترکیہ، امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے دہشت گرد گروپ قرار دیا گیا ہے۔
اس گروپ نے 1984 میں جنوب مشرقی ترکیہ میں بغاوت کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں 40 ہزار سے زائد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

عسکریت پسندوں نے علاقے میں بڑے پیمانے پر قلعہ بندی کر رکھی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

ترکیہ کی وزارت دفاع نے یہ بھی کہا ہے کہ اپریل 2022 میں شروع کیے گئے آپریشن کلاؤ لاک میں اب تک 586 عسکریت پسندوں کو 'غیر جانبدار' کیا جا چکا ہے۔
ترک فوج  میں 'غیر جانبدار'  کو عام طور پر مارے جانے کے معنی میں استعمال کیا جاتا ہے۔

شیئر: