Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اقامہ میں تصویر تبدیل کرانے کےلیے کوئی فیس مقرر ہے؟

تصویر تبدیل کرنے کےلیے واضح جواز فراہم کرنا ضروری ہے (فوٹو: سبق)
 سعودی عرب میں گزشتہ برس سے امیگریشن قوانین میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کا مقصد شہریوں اور غیر ملکیوں کو سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ 
امیگریشن قوانین میں تبدیلیوں سے قبل تارکین کے وہ اہل خانہ جو خروج وعودہ پرجاتے تھے انہیں خروج وعودہ کی مدت ختم ہونے سے قبل لازمی طور پرمملکت آنا ہوتا تھا جس کے بعد ہی ان کا اقامہ تجدید کیاجاتا تھا۔ 
جوازات کے ٹوئٹرپراقامہ میں تصویرتبدیل کرنے کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’اقامہ میں تصویرتبدیل کرانے کےلیے کوئی فیس مقرر ہے‘؟۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’اقامہ میں موجود تصویر تبدیل کرنے کےلیے واضح جواز فراہم کرنا ضروری ہے بغیروجہ کے تصویرتبدیل نہیں ہوتی‘۔ 
’تصویرکی تبدیلی کےلیے کوئی فیس نہیں۔ تصویر کی تبدیلی کے لیے جوازات کے قریبی دفترسے وقت حاصل کرنا ضروری ہے۔ وقت حاصل کرنے کے بعد وقت مقررہ پردفترپہنچ کرکارروائی مکمل کی جائے۔ تصویرکی تبدیلی کےلیے واضح ثبوت فراہم کرنا ضروری ہے‘۔ 
خیال رہے اقامہ میں تصویر کی تبدیلی اس وقت کی جاتی ہے جب چہرے کی شناحت میں کسی قسم کی تبدیلی ہوگئی ہو۔  
چہرے میں ہونے والی تبدیلی کی بنیاد پراقامہ کارڈ میں تصویر تبدیل کرائی جاسکتی ہے تاہم اس کےلیے پاسپورٹ میں بھی تصویر تبدیل کرانا ہوگی۔ نئے پاسپورٹ جس میں تصویر تبدیل کرائی گئی ہے کہ ساتھ جوازات کے دفترسے رجوع کیاجائے گا۔ 
 غیرملکی کارکن اپنے کسی معاملے کے لیے براہ راست جوازات کے کسی دفترسے رجوع نہیں کرسکتا۔ 
اگرغیرملکی کارکن جوورک ویزے پرمملکت میں مقیم ہے۔ اسے اپنی سرکاری دستاویز یعنی اقامہ وغیرہ میں کوئی تبدیلی کرانا ہوتو اپنے اسپانسر یا اس کی جانب سے مقرر کردہ کسی نمائندے کے ذریعے جوازات کے دفتر سے رجوع کیاجائے۔ 

اقامہ کی تجدید میں تاخیر پر500 ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔(فوٹو: ٹوئٹر جوازات)

 اقامہ کی تجدید کے قانون کے بارے میں ایک شخص نے دریافت کیا ’ اقامہ ایکسپائرہونے والا ہے لیکن اہلیہ کا پاسپورٹ ایکسپائرہے۔ اگراہلیہ کے پاسپورٹ کی تجدید کرانے کا انتظارکیا جائے تواقامہ ایکسپائرہوجائے گا جس کے بعد جرمانہ عائد ہوگا؟‘۔ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ’اقامہ کی تجدید کے وقت سربراہ خانہ کا پاسپورٹ ایکسپائرنہیں ہونا چاہئے اگراہلیہ کا پاسپورٹ ایکسپائرہوتو اقامہ تجدید ہوجاتا ہے‘۔ 
’اقامہ تجدید کرانے کے بعد اہلیہ کے نئے پاسپورٹ کی انٹری جوازات کے سسٹم میں ابشرپلیٹ فارم کے ذریعے کرائی جاسکتی ہے‘۔ 
واضح رہے سربراہ خانہ کے اقامہ پراس کی اہلیہ اوربچوں کی انٹری ہوتی ہے یعنی گھرکے سربراہ کا اقامہ تجدید ہونے کے ساتھ ہی گھروالوں کا اقامہ بھی تجدید کردیاجاتا ہے۔
اگراہلیہ یا بچوں میں سے کسی کا پاسپورٹ ایکسپائرہوتو اس صورت میں بھی اقامہ تجدید کرایا جاسکتا ہے۔ 
اقامہ کی تجدید میں تاخیر پر500 ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔ دوسری باربھی تاخیر کی صورت میں جرمانہ ڈبل یعنی 1000 ریال ہوجاتا ہے۔ 

شیئر: