Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں گولڈن اقامہ کیسے حاصل کریں، شرائط  کیا ہیں؟ 

شرائط پوری کرنے پر دس سال کے لیے گولڈن اقامہ جاری ہوتا ہے (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں قومی شناخت، شہریت کسٹم اور پورٹ سیکیورٹی اتھارٹی نے گولڈن اقامے کے اجرا کے حوالے سے شرائط کی وضاحت کی ہے۔ 
الامارات الیوم کے مطابق اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’گولڈن اقامے کی درخواست پر متعلقہ سرکاری ادارے دستاویزات، معلومات اور شواہد کا جائزہ لیتے ہیں‘۔ 
اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ ’ کئی شرائط پوری کرنے پر دس سال کے لیے گولڈن اقامہ جاری ہوتا ہے۔ 
 امارات نے گولڈن اقامہ کے امیدواروں کی درجہ بندی کی ہوئی ہے۔ ان میں سے ایک پبلک انویسٹر ہے۔ بنیادی شرط یہ ہے کہ انویسٹمنٹ فنڈ سے ایک لیٹر پیش کیا جائے۔ جس میں 20 لاکھ درہم کی رقم ڈپازٹ ہونے کا ثبوت ہو۔
موثر کاروباری پرمٹ یا صنعتی پرمٹ پیش کیا جائے۔ انویسٹر کے ساتھ کمپنی قائم کرنے کا معاہدہ بھی موجود ہونا ضروری ہے۔ اس میں کم از کم سرمایہ  20 لاکھ درہم لگایا جارہا ہو یا یہ کہ وہ کمپنی کے سرمائے میں شریک ہو اور اس کا حصہ 20 لاکھ درہم سے کم نہ ہو۔ 
پبلک انویسٹمنٹ میں سرمایہ لگانے والے کو گولڈن اقامہ حاصل کرنے کے لیے ایک سہولت یہ بھی ہے کہ وہ ٹیکس کے وفاقی ادارے سے ایک لیٹر دیں جس سے ثابت ہوتا ہو وہ ایسی کمپنی کا مالک ہے جو حکومت کو سالانہ کم از کم ڈھائی لاکھ درہم ٹیکس ادا کررہی ہے یاوہ ایسے ادارے میں پارٹنر ہے جو حکومت کو ٹیکس ادا کرتا ہے اور ٹیکس میں اس کا کم  از کم سالانہ حصہ  ڈھائی لاکھ درہم ہو۔ 
ریئل اسٹیٹ انویسٹر کو گولڈن اقامہ حاصل کرنے کے لیے متعلقہ ادارے سے ایسا لیٹر پیش کرنا ہوگا جس میں کم از کم بیس لاکھ درہم مالیت کی جائیداد کی تصدیق کے ساتھ یہ وضاحت بھی ہو کہ جائیداد پر کوئی قرضہ نہیں ہے۔ 
 گولڈن اقامے کے لیے فن کاروں کا زمرہ بھی ہے۔  بنیادی شرط یہ ہے کہ وہ ثقافت اور آرٹ کے سرکاری ادارے سے لیٹر پیش کریں جبکہ موجد حضرات کے لیے وزارت اقتصاد سے سفارشی خط پیش کرنا ہوگا۔ 
کسی ادارے یا کمپنی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کو گولڈن اقامہ اس صورت میں ملے گا جب وہ کم از کم پچاس ہزار درہم ماہانہ تنخواہ کا لیٹر درخوست کے ساتھ منسلک کرے۔ 
سائنس کے شعبے کے ماہرین کو گولڈن اقامہ متحدہ عرب امارات میں سائنس کے کسی منفرد شعبے میں ڈگری ہولڈر کو دیا جائے گا۔ 
کھلاڑی گولڈن اقامہ سپورٹس جنرل اتھارٹی یا کسی سپورٹس کونسل کے سفارشی لیٹر پر حاصل کرسکتے ہیں۔ 
انجینیئرنگ اور سائنس کے شعبے میں پی ایچ ڈی ہولڈرز کو گولڈن اقامہ انجینیئرنگ اور سائنس کے کسی شعبے میں ملازمت کا معاہدہ پیش کرنے پر مل سکتا ہے۔
ممتاز طلبہ کو گولڈن اقامہ وزارت تعلیم و تربیت یا یونیورسٹی کا سفارشی خط پیش کرنے پر ملے گا۔

شیئر: