میلان فیشن ویک میں 40 سے زیادہ سعودی ڈیزائنرز شرکت کریں گے
ایونٹ میں حصہ لینے والوں میں 85 فیصد خواتین ہیں (فائل فوٹو: ایس پی اے)
وائٹ میلانو میں میلان فیشن ویک کے دوران 40 سے زیادہ سعودی ڈیزائنرز اپنی تخلیقات کی نمائش کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ عالمی فیشن منظر کی انٹرنیشنل نمائش ہے جو ہر طرف پہننے کے لیے تیار مجموعہ کے لیے وقف ہے۔
مملکت میں ڈیزائن کیے گئے کپڑے، زیورات اور لوازمات 22 اور 25 ستمبر کے درمیان وِسکونٹی پویلین میں ایک ایسے پروگرام میں آویزاں کیے جائیں گے جسے ابھرتے ہوئے عرب ڈیزائنرز اور فیشن منظر میں سب سے زیادہ بااثر نمائندوں کے درمیان میٹنگ پوائنٹ کے طور پر دیکھا جائے گا۔
سعودی فیشن کمیشن کے سی ای او برک کاک میک نے کہا کہ ’ وائٹ میلانو ایونٹ فیشن کیلنڈر میں ابھرتے ہوئے برانڈز کے لیے سب سے اہم ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’عالمی سطح پر سعودی فیشن میں صارفین اور سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے ساتھ ہمارے ڈیزائنرز خریداروں کے ساتھ بات چیت کرنے اور یہ دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں کہ کاروبار کے دلچسپ مواقع کہاں ہیں؟‘۔
ایونٹ میں سعودی شرکت سعودی 100 برانڈز کے منصوبے کے تحت کمیشن کے تعاون سے منعقد کی جائے گی۔
2021 میں شروع کی گئی یہ سکیم منتخب سعودی فیشن ڈیزائنرز کو ایک سال پر محیط ماسٹر کلاسز، ون آن ون مینٹرشپس اور ڈیزائن اور اختراع، فروخت کی حکمت عملی اور نمائش پر ورکشاپس میں حصہ لینے کی اجازت دیتی ہے جو انہیں مقامی اور بین الاقوامی طور پر برانڈز کو بڑھانے کے لیے بہترین ٹولز فراہم کرتی ہے۔
یہ کورسنز ایل وی ایم ایچ، کیرنگ، ویلنٹیو، چینل، کیلون کلائن، ٹام فورڈ، بلغاری، کیمپر اور سواروسکی سمیت معروف فیشن ہاؤسز کے ماہرین کی ایک انٹرنیشنل ٹیم کے ذریعے منعقد کیے جاتے ہیں۔
لندن رائل کالج آف آرٹ، میلان میں بوکونی یونیورسٹی، لندن سکول آف اکنامکس اور ییل یونیورسٹی کے نمائندوں کے بھی لیکچرز ہوتے ہیں۔
سعودی 100 برانڈز نے اپنے پہلے سال میں پانچ ہزار گھنٹے سے زیادہ خصوصی رہنمائی فراہم کی۔
ایونٹ میں حصہ لینے والے ڈیزائنرز کی عمریں 20 سے 70 سال ہیں اور ان میں 85 فیصد خواتین ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر نے دنیا کے بہترین ڈیزائن سکولوں میں شرکت کی ہے۔