Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین کا روس کے متعدد میزائل اور ڈرونز کو مار گرانے کا دعویٰ

دھماکوں کی وجہ سے متعدد عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
یوکرین نے کہا ہے کہ اس نے روس کی جانب سے اوڈیسا کو نشانہ بنانے والے روسی میزائل اور ڈرونز کو مار گرایا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یوکرین کے آپریشنل کمانڈ ساؤتھ نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ ’دشمن نے رات کے وقت اوڈیسا کے علاقے پر تین بار حملہ کیا۔ دو مرتبہ ڈرونز استعمال کیے گئے جو کُل 15 تھے اور آٹھ میزائل تھے۔‘
یوکرین کی آرمی کا کہنا ہے کہ فضائیہ نے حملوں کو پسپا کر دیا لیکن ملبے کے ٹکرے گرنے سے اوڈیسا کے شہر کے مرکز میں طلبہ کے ہاسٹل اور ایک سپر مارکیٹ کو نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔
دھماکوں کی وجہ سے متعدد عمارتوں کی کھڑکیوں اور بالکونیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ماسکو کی جانب سے گزشتہ ماہ اناج ایکسپورٹ کے معاہدے کے خاتمے کے بعد روس اور یوکرین نے بحیرہ اسود میں حملے تیز کر دیے ہیں۔
معاہدے سے دستبرداری کے بعد ماسکو نے اوڈیسا میں ان بندرگاہوں پر گولہ باری کی ہے جو معاہدے کے تحت یوکرینی اناج کے ایکسپورٹ کے لیے اہم تھیں۔
میزائل اور ڈرون حملوں سے ایک دن قبل روسی جنگی بحری جہاز سے اوڈیسا میں ایک مال بردار جہاز پر وارننگ گولیاں چلائی گئی تھیں۔ جہاز ازمیئل شہر کی جانب جا رہا تھا۔
تاہم جائزے کے بعد مال بردار جہاز کو سفر جاری رکھنے کی اجازت دی گئی۔
دو اگست کو روس نے ایزمیئل میں بندرگاہ کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جو یوکرینی زرعی مصنوعات کو ہمسایہ ملک رومانیہ برآمد کرنے والے اہم راستوں میں سے ایک ہے۔
یوکرین نے دعوی کیا ہے کہ اس کی افواج نے گزشتہ ہفتے ملک کے مشرق میں جنگ زدہ باخموت کے اردگرد ایک چھوٹے سے علاقے کو روس سے واپس حاصل کر لیا ہے۔
ڈپٹی وزیر دفاع گننا مالیر نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ’باخموت کے سیکٹر میں، گزشتہ ہفتے تین مربع کلومیٹر (ایک اعشاریہ دو مربع میل) کو آزاد کر لیا گیا۔ مجموعی طور پر پر باخموت سیکٹر میں 40 مربع کلومیٹر علاقے کو آزاد کرایا گیا۔‘

شیئر: