شاہین آفریدی امارات کی ٹی20 لیگ میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے
شاہین شاہ آفریدی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’میں ڈیزرٹ وائپرز میں شامل ہونے کے لیے پُرجوش ہوں۔‘ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) انٹرنیشنل لیگ ٹی20 کے ساتھ تین سالہ معاہدہ کرنے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
انٹرنیشنل لیگ ٹی20 ایک پروفیشنل کرکٹ لیگ ہے جس کا آغاز گذشتہ برس اماراتی کرکٹ بورڈ کی منظوری سے ہوا ہے۔
یہ ٹورنامنٹ چھ ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جن میں سے ایک ڈیزرٹ وائپرز ہے، جس میں شاہین شاہ آفریدی شامل ہوئے ہیں۔
انہوں نے ایکس میسجنگ ایپ پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’میں ڈیزرٹ وائپرز میں شامل ہونے کے لیے پرجوش ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کرکٹ کے بہت سے مداح ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ آئندہ انٹرنیشنل لیگ ٹی20 میں ہماری ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔‘
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق انٹرنیشنل لیگ ٹی20 کی ٹیم نے گذشتہ برس پاکستان کے جارحانہ بیٹر اعظم خان کو لیگ میں شمولیت کی دعوت دی تھی لیکن انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ سے اجازت نہیں ملی تھی۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے چیئرمین ذکا اشرف کے آنے کے بعد ’اس حوالے سے اپنے مؤقف میں نرمی کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو مختلف ٹی20 لیگز میں کھیلنے کی اجازت دے دی ہے، اسی وجہ سے شاہین شاہ آفریدی کے لیے بھی یہ پیشکش قبول کرنا ممکن ہوا ہے۔