Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ابھی کھیلنا چاہتا ہوں مگر ۔۔۔۔‘، وہاب ریاض کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

وہاب ریاض صوبہ پنجاب کی نگراں کابینہ کا حصہ ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پنجاب کے نگراں وزیر کھیل اور پاکستان کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہوں مگر اب یہ مشکل نہیں ناممکن بھی ہے۔‘
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وہاب ریاض نے لکھا کہ ایک شاندار سفر کے بعد میں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ 
اس حوالے سے انہوں نے مزید لکھا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ، کوچز، مینٹورز، ساتھیوں، مداحوں اور ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا۔
وہاب ریاض انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد دنیا بھر میں ٹی20 فرنچائز کرکٹ لیگز کھیلتے رہیں گے۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ زندگی میں بہت خواب دیکھے جن میں سے بڑا پاکستان کے لیے کھیلنا تھا۔
’2000 میں کرکٹ شروع کی، کامیابی بھی ملی اور ناکامیاں بھی ہوئیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک ایسا وقت آتا ہے جب خیرباد کہنا پڑتا ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ’آج بھی پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہوں مگر یہ اب مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ان کی اب ٹیم میں جگہ نہیں بنتی اور اس وقت پاکستان کے پاس بہت اچھے بولرز موجود ہیں۔
اپنی فیملی اور والد کا ذکر کرتے ہوئے وہاب ریاض آبدیدہ بھی ہوئے۔
کوئی جذبات فیصلہ نہیں ہے بلکہ حقیقت پر مبنی ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے پاکستان کے لیے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 2008 میں زمبابوے کے خلاف شیخوپورہ میں ون ڈے میچ سے کیا تھا۔
انہوں نے قومی ٹیم کی جانب سے 27 ٹیسٹ میچز میں 83، 91 ون ڈے میچز میں 120 اور 36 ٹی20 میچز میں 34 وکٹیں حاصل کیں۔
وہاب ریاض پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔
انہوں نے پی ایس ایل میں 88 میچ کھیل کر 113 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
وہاب ریاض اپنے کیریئر میں تین ون ڈے ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں جس کے باعث انہیں ’ون ڈے ورلڈ کپ‘ بولر بھی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے 2011، 2015 اور 2019 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
اُن کے کیریئر کی سب سے یادگار بولنگ 2015 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل کا سپیل مانا جاتا ہے جہاں وہاب ریاض نے آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کو اپنی برق رفتار بولنگ سے بے بس کر دیا تھا۔
اس کے علاوہ 2011 کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انڈیا کے خلاف فاسٹ بولر نے پانچ وکٹیں بھی حاصل کی تھیں جسے اُن کا دوسرا بڑا سپیل مانا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں صوبہ پنجاب میں نگراں وزیراعلٰی محسن نقوی نے جب اپنی 11 رکنی کابینہ کا اعلان کیا تو اس میں وہاب ریاض کو نگراں وزیر کھیل کا عہدہ دیا گیا۔ 

شیئر: