Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ میں مشاعرہ بیاد سالار ملت

مدینہ منورہ ( امین انصاری )بزم اتحاد المدینہ المنورہ کی جانب سے بیادسالار ملت سلطان صلاح الدین اویسی مشاعرہ کا انعقاد احمد الدین اویسی صدر بزم اتحاد گلوبل کی زیر نگرانی عمل آیا ۔ ڈاکٹر خالد عباس اسدی نے صدارت کی ۔ہندوستان سے آئے ہوئے شعراء اور سید انصرام علی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ مقامی شعراء نے بھی اپنے کلام سے سامعین کو نوازا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں حیدرآباد سے آئے ہوئے مہمان شاعر مسرور عابدی نے نعت کا نذرانہ پیش کیا اور خوب داد حاصل کی ۔ ڈاکٹر انجمن شکیل اور صلاح الدین نے بھی ہدیہ نعت پیش کرکے دلوں کو حب رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے سرشار کیا ۔ منور علی مختصر نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے نگران مشاعرہ کو کلمات خیر کیلئے دعوت دی ۔ احمد الدین اویسی نے مہمان اور میزبان شعراء کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ آپ اردو کے محافظ ہیں ، آپ سے اردو زندہ و پائندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان انتہائی میٹھی اور آسان زبان ہے اس کے لفظ کانوں میں رس گھولتے ہیں اور اس کو جو بھی سنتا ہے واہ واہ کئے بغیر نہیں رہتا ۔ احمد الدین اویسی نے اس موقع پر سالار ملت سلطان صلاح الدین اویسی کی زندگی کے چند پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سالار نے حیدرآباد دکن میں ایسے وقت قوم و ملت کی باگ ڈور سنبھالی جب اس کا کوئی پرسان حال نہیں تھا ۔ پولیس ایکشن کے بعد ہر طرف خوف و ہراس کا عالم تھا ایسے میں عبدالواحد اویسی نے مجلس اتحاد المسلمین کی بنیاد ڈالی اور صلاح الدین اویسی ان کے ہم رکاب ہوئے اور انہوں نے اس تنظیم کو کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کا نام دیتے ہوئے اسے ہندوستان کے مسلمانوں کی آواز بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ سالار ملت سلطان صلاح الدین اویسی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی ، سماجی ، فلاحی و تعلیمی میدان میں نمایاں کردار ادا کیا اور قوم و ملت کیلئے دکن میڈیکل ، انجینئرنگ ،فارمیسی جیسے کالجوں کا عظیم اثاثہ چھوڑ گئے ۔ آج ہم ان کی یاد میں یہ مشاعرہ منعقد کرکے انہیں خراج پیش کررہے ہیں ۔ انہوں نے مشاعرے کے کامیاب انعقاد پر بزم اتحاد مدینہ منورہ کی کمیٹی کو دلی مبارکباد بھی پیش کی ۔ ناظم مشاعرہ منور علی مختصر نے اپنے مزاحیہ کلام سے محفل کو زعفران زار بنادیا۔ انہوں نے اردو اور دکنی زبان میں اشعار سناکر خوب داد حاصل کی ۔ مسرور عابدی نے سالار ملت کے نام ایک نظم پیش کی جیسے سامعین نے خوب پسند کیا ۔ انہوں نے فرمائش پر غزلیات سے بھی نوازا۔ مقامی شعراء نے کلا م سناکر خوب داد سمیٹی ۔ احمد الدین اویسی نے تمام شعراء اور دکن کے روزنامہ اعتماد کے صحافی نصیر غیص کو تحائف پیش کئے ۔ مشاعرہ کے انعقاد میں بزم اتحاد مدینہ منورہ کے سید عظمت علی ، نظیر احمد ، دستگیر خان ، سید شاہ علی قادری ابرار ، امتیاز حسین ، سید حیدر ولی اللہ ، قادری ، سید عرفان احمد ، نواز خان ، محمد عقیل کمال اور محمد الیاس نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ محمد ابرار کے شکریہ پر مشاعرہ کا اختتام عمل میں آیا ۔

شیئر: