سعودی عرب بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کا پسندیدہ ترین ملک قرار
سعودی عرب بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کا پسندیدہ ترین ملک قرار
ہفتہ 1 فروری 2025 17:05
پاکستان کے لاکھوں شہری سعودی عرب میں ملازمت کرتے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
معروف ٹریول موبائل ایپلیکیشن ’ویگو‘ نے کہا ہے کہ پاکستان سے بیرون ملک سفر کرنے والوں کے لیے سعودی عرب ایک بہت بڑا اور اہم ملک ہے جہاں جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں ہر سال 100 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اپنے وژن 2030 کے تحت مملکت میں سیاحت کو فروغ دینے کے اقدامات کر رہا ہے۔
پاکستانیوں سمیت اسلامی دنیا کے کروڑوں شہریوں کے لیے سعودی عرب بہت زیادہ اہمیت کا حامل اس وجہ سے بھی ہے کہ وہاں دو مقدس شہر مکہ اور مدینہ واقع ہیں۔
ہزاروں پاکستانی ہر سال عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں وہاں رہائش پذیر پاکستانی ملازمت کرتے اور کاروبار سے بھی منسلک ہیں۔
بحیرہ احمر کے کنارے مستقبل کے شہر نیوم جیسے منصوبوں کی بدولت سعودی عرب میں سیاحوں کی آمد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
ماحول دوست اور لگژری سیاحت کے لیے ریڈ سی پراجیکٹ کی بدولت توقع کی جا رہی ہے کہ دنیا بھر کے سیاح عالمی معیار کے ایک نئے انداز کا تجربہ کریں گے۔
’ویگو‘ ایپلیکیشن خود کو ایک اعلیٰ ترین ٹریول ایپ اور مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (مینا ریجن) میں سب سے بڑی آن لائن ٹریول مارکیٹ پلیس کے طور پر متعارف کرتی ہے۔
اس ایپ نے جمعے کو اپنے تازہ ترین ’بُک آن ویگو‘ فنکشن کے ساتھ اپنی آن لائن ٹریول ایجنسی (او ٹی اے) پلیٹ فارم کی توسیع کا اعلان کیا۔
ویگو کے چیف فلائٹس آفیسرڈین وِکس نے بتایا کہ ’ایپ پر اندرون ملک پروازوں کی تلاش میں سال بہ سال 120 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، اور سعودی عرب 100 فیصد سے زائد سالانہ اضافے کے ساتھ پاکستانی مسافروں کے پسندیدہ بین الاقوامی مقامات میں سے ایک ہے۔‘
پلیٹ فارم نے کہا کہ اس کے تازہ ترین ’بُک آن ویگو‘ فنکشن کے ذریعے مسافر تمام ویگو ایپس، ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز پر براہ راست پروازیں اور ہوٹل بک کر سکتے ہیں، جس سے تھرڈ پارٹی ری ڈائریکٹ کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
ہر سال ہزاروں پاکستانی عمرے کی ادائیگی کے لیے بعد سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں۔ فائل فوٹو: ایس پی اے
ایپ نے کہا ہے کہ ’یہ اضافہ پاکستانی مسافروں کی ضروریات کے مطابق ایک ہموار، مقامی بکنگ کا تجربہ فراہم کرتا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’پاکستان کی تیزی سے پھلتی پھولتی ٹریول انڈسٹری کے لیے ویگو ایک بہتر انتخاب کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے، اسی طرح مقامی مارکیٹ کی خدمت کے لیے ہماری لگن کو تقویت ملتی ہے۔‘
ویگو نے اعلان کیا کہ وہ پاکستان ٹریول مارٹ کے 2025 ایڈیشن میں بھی حصہ لے گا، جو علاقائی اور عالمی سٹیک ہولڈرز کو جوڑنے والا پاکستان کا سب سے بڑا سفری اور سیاحتی پروگرام ہے۔
ویگو پاکستان کے ڈائریکٹر عبید اللہ سرور نے کہا کہ ’پاکستان ٹریول مارٹ 2025 ہمیں مقامی ٹریول کمیونٹی کے ساتھ منسلک ہونے اور پاکستان کے سیاحتی شعبے کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔‘
سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زیادہ پاکستانی شہری آباد ہیں، جو اپنے ملک کے لیے غیرملکی ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔