Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس سے جنگ، امریکہ کی یوکرین کو ایف 16 طیارے بھیجنے کی منظوری

یوکرین طویل عرصے سے جدید ترین جنگی طیارے فراہم کرنے کی درخواست کر رہا ہے (فوٹو:روئٹرز)
امریکہ نے پائلٹس کی تربیت مکمل ہوتے ہی یوکرین کو روس کے خلاف دفاع کے لیے ڈنمارک اور ہالینڈ سے ایف 16 لڑاکا طیارے بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واشنگٹن نے ڈنمارک اور ہالینڈ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ جب پائلٹس کی تربیت مکمل کر لی جائے گی تو امریکہ ایف 16 طیاروں کی یوکرین کو فراہمی کی درخواست منظور کر لے گا۔
 یوکرین کو روس کی فضائیہ کا مقابلہ کرنے میں مدد کے لیے امریکی ساختہ ایف 16 لڑاکا طیاروں کی ضرورت ہے۔
ڈنمارک اور ہالینڈ نے حال ہی میں ان یقین دہانیوں کے لیے کہا تھا۔ امریکہ کو اپنے اتحادیوں سے فوجی طیاروں کی یوکرین منتقلی کی منظوری دینا ہو گی۔
11 ممالک کا اتحاد رواں ماہ ڈنمارک میں یوکرین کے پائلٹس کو ایف 16 لڑاکا طیارے اُڑانے کی تربیت دینے کا آغاز کر رہا ہے۔
ڈنمارک کے قائم مقام وزیر دفاع ٹرولس پولسن نے جولائی میں کہا تھا کہ ملک کو 2024 کے اوائل میں تربیت کے ’نتائج‘ دیکھنے کی امید ہے۔
نیٹو کے رکن ممالک ڈنمارک اور نیدرلینڈز پائلٹس کو تربیت دینے کے ساتھ ساتھ معاون عملے کو تربیت دینے، طیاروں کی دیکھ بھال اور یوکرین کو روس کے ساتھ جنگ ​​میں ایف 16 طیاروں کو استعمال کے قابل بنانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں۔
امریکی عہدیدار نے بتایا کہ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے ڈنمارک اور ڈچ ہم منصبوں کو خطوط بھیجے ہیں اور انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ درخواستوں کو منظور کر لیا جائے گا۔

انٹونی بلنکن نے کہا کہ ’یہ اہم ہے کہ یوکرین روسی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنے کے قابل ہو۔‘ (فوٹو: روئٹرز)

انٹونی بلنکن نے دونوں حکام کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ’میں یوکرین کو ایف 16 لڑاکا طیاروں کی فراہمی اور یوکرین کے پائلٹس کو قابل انسٹرکٹرز کے ذریعے تربیت دینے کے لیے امریکہ کی مکمل حمایت کا اظہار کر رہا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ اہم ہے کہ یوکرین روسی جارحیت اور اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی کے خلاف اپنا دفاع کرنے کے قابل ہو۔‘
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی پائلٹس اپنی تربیت مکمل کریں گے درخواستوں کی منظوری سے یوکرین کو ’اپنی نئی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اُٹھانے کا موقع ملے گا۔‘
یوکرین طویل عرصے سے جدید ترین جنگی طیارے فراہم کرنے کی درخواست کر رہا ہے تاکہ اسے جنگی برتری حاصل ہو کیونکہ وہ روسی حملے کا مقابلہ کر رہا ہے۔
بائیڈن انتظامیہ نے ایک سال سے زائد عرصے تک یوکرین کو طیاروں کی منتقلی کی منظوری دینے یا پائلٹس کو ٹریننگ دینے سے انکار کرنے کے بعد فیصلے میں تبدیلی کی تھی۔ 
امریکی حکام نے ایف 16 طیاروں کی فراہمی کے خلاف یہ موقف اختیار کیا تھا کہ ایسے جدید جنگی طیاروں کو اُڑانا، سکھانا اور اِن کی نقل و حمل مشکل عمل ہے اور اس میں کئی ماہ لگ جائیں گے۔

شیئر: