Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی صدر اور ایتھوپیا کے وزیراعظم کی ملاقات، اقتصادی تعاون کا جائزہ

باہمی دلچسپی کے ایشوز اور اہم علاقائی و بین الاقوامی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور ایتھوپیا کے وزیراعظم ڈاکٹر آبی احمد نے جمعے کو عدیس ابابا سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں امارات اورایتھوپیا کے درمیان تعاون بڑھانے اور علاقائی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
متحدہ عرب امارات کے خبررساں ادارے وام کے مطابق  دونوں رہنماوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آئے۔ 
ایتھوپیا کے وزیراعظم نے اماراتی صدر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ’ اس دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو فروغ ملے گا‘۔
دونوں رہنماؤں نے تمام شعبوں میں اقتصادی، سرمایہ کاری و ترقیاتی امور میں تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔  
 دونوں ملکوں کی دلچسپی کے متعدد مسائل اور اہم علاقائی و بین الاقوامی حالات  پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے زور دے کر کہا کہ ’عوام کی زندگی کا معیار بہتر بنانے اور خوشحالی کے فروغ میں موثر شراکت اور تعاون بڑی اہمیت رکھتے ہیں‘۔ 
اماراتی صدر نے کہا کہ’ ایتھوپیا کے ساتھ گزشتہ برسوں کے دوران تعلقات آگے بڑھے ہیں‘۔ 
 انہوں نے کہا کہ’ امارات ایتھوپیا کے ساتھ زراعت، فوڈ سیکیورٹی، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی سمیت تمام اہم شعبوں میں دوستانہ تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک لے جانا چاہتا ہے‘۔ 
اماراتی صدر کا کہنا تھا کہ’ ایتھوپیا براعظم افریقہ میں امارات کا اہم کاروباری پارٹنر ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان 2022 کے دوران تیل کے ماسوا تجارتی لین دین کا حجم 1.4 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ دونوں ملک آئندہ برسوں کے دوران اس میں اضافے کے لیے کوشش کریں گے‘۔ 
شیخ محمد بن زاید نے ایتھوپیا کے وزیراعظم کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ 
 فریقین نے اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ 
شیخ محمد بن زاید نے ٹویٹ کی عدیس ابابا میں ایتھوپیا کے وزیر اعظم سے مل کر خوشی ہوئی۔ اقتصادی اور پائیدار اقدامات کے ذریعے اپنے عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کےلیے دوطرفہ تعلقات کومضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات تعاون کے ایک ایسے پل کی تعمیر کے لیے پر عزم ہے جو سب کے لیے خوشحالی اور استحکام کو فروغ دیتا ہے۔

شیئر: