کراچی سے اسلام آباد جانے والی بس کو حادثہ، 18 ہلاکتیں
حادثے میں مسافر بس مکمل طور پر جھلس گئی۔ فوٹو: پی آر او حافظ آباد
کراچی سے اسلام آباد جانے والی مسافر بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں آگ لگنے سے 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 15 زخمی ہیں۔
حافظ آباد پولیس کے ترجمان سب انسپکٹر صداقت نے اردو نیوز کو بتایا کہ حادثہ مسافر بس اور پک اپ وین کے درمیان ٹکر ہونے سے پیش آیا ہےجس کے بعد دونوں گاڑیاں شدید آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ بس کو حادثہ موٹر وے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب اتوار کی صبح تقریباً پانچ بجے پیش آیا۔
پرجمان کا کہنا تھا کہ پک اپ وین میں ڈیزل کے دو ڈرم موجود تھے، آگ اتنی شدید تھی کہ دونوں گاڑیاں مکمل طور پر جھلس گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں 15 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چار کی حالت نازک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد پہنچا دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے جبکہ 18 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ پک اپ وین کا ڈرائیور بھی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ میتوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا جس کے بعد اہل خانہ کے حوالے کی جائیں گی۔
آئی جی موٹروے پولیس سلطان علی خواجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے خود جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔
انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس زخمیوں کے بہتر علاج و معالجے کے لیے اپنے تمام وسائل مقامی انتظامیہ کو فراہم کر رہی ہے۔
پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مسافر کوچ میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔
انہوں نے انتظامیہ اور پولیس سے افسوسناک واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے حکام کو ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔