Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ، چھ ہلاک

دیامر کے اسسٹنٹ کمشنر عامر تحسین کے مطابق چار خواتین حادثے میں انتقال کر گئیں۔ فوٹو: دیامر ضلعی انتظامیہ
پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں سیاحوں کی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو کر گہری کھائی میں گرنے سے چھ ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
قبل ازیں چلاس کے اسسٹنٹ کمشنر صداقت علی نے اردو نیوز کو فون پر بتایا تھا کہ کوسٹر میں بچوں سمیت 30 سے زائد افراد سوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں چار خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔
قبل ازیں مقامی صحافی حسین احمد نے اردو نیوز کو فون پر بتایا کہ حادثہ اتوار کی دوپہر شاہراہ قراقرم پر تھیلچی استور کی جانب مڑنے والی سڑک کے قریب پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ گہری کھائی میں گرنے کے باعث ہلاک ہونے والے مسافروں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
زخمیوں کو پہلے جگلوٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ شدید زخمی افراد کو گلگت ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ 
اسسٹنٹ کمشنر چلاس نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کا نمبر LES-618 ہے اور اس میں سوار مسافروں میں بیشتر کا تعلق کراچی اور حیدرآباد سے ہے۔
دیامر کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق دن ایک بجے کے لگ بھگ استور ٹرننگ پوائنٹ سے پیچھے دیامر کے حدود میں موڑ کاٹتے وقت سیاحوں سے بھری کوسٹر کو حادثہ پیش آیا۔
بیان میں کہا گیا کہ حادثے میں چار مسافر موقع پر ہی موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ ایک خاتون جگلوٹ ہسپتال لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پانچ سے چھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ بچوں سمیت زخمیوں کی تعداد 10 سے زائد ہے۔
بیان کے مطابق جگلوٹ سول ہسپتال میں سٹاف کی کمی کے باعث مقامی نوجوانوں نے طبی امداد کی فراہمی میں تعاون کیا۔
حادثے کے بعد گلگت کے پرویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور شہید سیف الرحمان ہسپتال گلگت میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

شیئر: