’بصارت سے محرومی کبھی فوٹو گرافی میں حائل نہیں ہوئی‘
منگل 18 اکتوبر 2022 18:43
طلال السبیعی کا کہنا ہے کہ فوٹو گرافی کے حوالے سے ایک نمائش کے انعقاد کا ارادہ ہے( فوٹو العربیہ)
سعودی فوٹو گرافر طلال السبیعی نے بصارت سے محرومی کے باوجود قدرتی مناظر کی دلکش فوٹو گرافی کرکے اپنی شناخت بنائی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق طلال السبیعی نے بتایا کہ’ وہ پیدائشی طور پر جزوی نابینا ہیں لیکن یہ معذوری کبھی فوٹو گرافی میں حائل نہیں ہوئی‘۔
انہوں نے بتایا کہ’ 2013 میں فوٹو گرافی کا آغاز کیا۔ گھر والوں نے فوٹو گرافی کے لیے خاص کیمرہ تحفے میں دے کر حوصلہ افزائی کی۔ 2018 میں نئے کیمرے سے فوٹو گرافی کے نئے مرحلے کا آغاز کیا‘۔
سعودی فوٹو گرافر نے بتایا کہ ’فوٹو گرافی سے نئی دنیا سے واقفیت کا موقع ملتا ہے۔ نئے ماحول کو کیمرے میں قید کرنا ایک آرٹ ہے۔ آرٹسٹ کی نظرعام لوگوں کی نظر سے مختلف ہوتی ہے۔ یہی چیز قدرتی مناظر کو کیمرے کے ذریعے مختلف انداز میں پیش کرنے کے مواقع مہیا کرتاتی ہے۔‘
طلال السبیعی کا کہنا ہے کہ میرا ایک ہدف یہ بھی رہا کہ’ اس کے ذریعے اپنے معذور افراد کو اپنے اندر خداداد صلاحیتوں کو سامنے لانے کا حوصلہ دوں۔ میں سمجھتا ہوں کہ جب بھی ہم مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں تو حوصلہ ہار دیتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ مملکت کے اندر اور باہر میری فوٹو گرافی کو سراہنے والے بڑی تعداد میں ہیں۔ جلد ہی میں اپنی فوٹو گرافی کے حوالے سے ایک نمائش کے انعقاد کا ارادہ ہے جس میں قدرتی مناظر، عمارتوں اور قہوے سمیت مختلف مشروبات کے کپس کی فوٹو گرافی موجود ہو گی‘۔