ڈرون کے حفاظتی استعمال پر نایف یونیورسٹی میں بین الاقوامی ورکشاپ
ڈرونز پر ورکشاپ 28 سے 30 اگست کے درمیان ہوگا۔ (فوٹو اخبار 24)
نایف یونیورسٹی برائے علوم سلامتی، سکیورٹی مسائل حل کرنے کے لیے ڈرونز کے استعمال پر سپیشل ورکشاپ منعقد کرے گی۔ کورین انسٹی ٹیوٹ فار ٹیکنالوجی کے تعاون سے اہتمام ہو گا۔ عالمی ماہرین ڈرونز کے سکیورٹی استعمال پر ہونے والے مباحثے میں شریک ہوں گے۔
اخبار 24 کے مطابق نایف یونیورسٹی میں سیکریٹری تعلقات خارجہ خالد الحرفش نے کہا کہ ورکشاپ 28 سے 30 اگست کے درمیان ہو گا۔
سکیورٹی کی دنیا میں رونما ہونے والی تبدیلیاں ورکشاپ میں مباحثے کا موضوع ہوں گی۔ اس حوالے سے ڈرونز کا استعمال خاص طور پر زیر بحث آئے گا۔
الحرفش نے کہا کہ روبوٹ اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ٹیکنالوجی تبدیلیوں سے سکیورٹی کو زبردست خطرات پیدا ہو گئے ہیں اور ٹیکنالوجی سے کئی منفی مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر نئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
الحرفش کا کہنا ہے کہ ورکشاپ میں متعدد بنیادی موضوعات پر گفتگو ہو گی مثال کے طور پر بھیڑ بھاڑ کو کنٹرول کرنے میں ڈرونز کے فعال استعمال کے حوالے سے مختلف ممالک کے تجربات کا جائزہ لیا جائے گا۔
العرفش نے کہا کہ ڈرونز میں مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کے استعمال، سرحدی محافظوں کے یہاں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ، ٹریفک اور شاہراہوں کو کنٹرول کرنے کے سلسلے میں ڈرونز کی افادیت بھی مباحثے کا موضوع ہو گی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں