ڈرون پر عبرانی اور فارسی زبانوں میں لکھا ہے کہ 'اپنی پناہ گاہیں بنا لیں'۔ فوٹو روئٹرز
ایران نے جدید ترین ڈرون مہاجر10 مقامی طور پر تیار کیا ہے جس میں پرواز کی حد اور دورانیہ کے ساتھ ساتھ زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت بھی ہے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے سرکاری میڈیا نے منگل کو رپورٹ کیا ہے کہ ڈرون کی آپریشنل رینج دو ہزار کلومیٹر ہے اور یہ 24 گھنٹے تک پرواز کر سکتا ہے۔
جدید ترین ڈرون کی وزن اٹھانے کی صلاحیت 300 کلوگرام تک ہے جو کہ پہلے ڈرونمہاجر6 کی صلاحیت سے دوگنا زیادہ ہے۔
ایرانی میڈیا کی طرف سے منگل کو جاری کی گئی ایک ویڈیو میں جدید ڈرون کو دوسرے فوجی سازو سامان کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔
جدید ترین ڈرون مہاجر10 پر عبرانی اور فارسی زبانوں میں لکھا گیا ہے کہ 'اپنی پناہ گاہیں بنا لیں'۔
ایران کی ملٹری انڈسٹری ڈے پر دکھائی جانے والی ویڈیو قدیم دشمن طاقتوں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کی عکاسی کرتی ہے۔
قبل ازیں پیر کے روز اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہاہے کہ تہران نے اسرائیل کے خلاف حالیہ مہلک حملوں کے سلسلے میں مالی اعانت کی ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین کے خلاف جنگ میں ایران روس کو بغیر پائلٹ کے طیاروں کے علاوہ مہاجر6 ڈرون بھی فراہم کر رہا ہے جب کہ تہران نے اس الزام کی تردید کی ہے۔