سعودی وزیر حج و عمرہ کا پاکستان اور بنگلہ دیش کا دورہ مکمل
سعودی وژن 2030 کے تحت جاری میگا پروجیکٹس سے بھی آگاہ کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے سنیچر کو پاکستان اور بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ مکمل کرلیا۔
دورے کے دوران انہوں نے دونوں ملکوں کے صدور اور اعلی سرکاری حکام نے ملاقاتیں کیں۔
عرب نیوز کے مطابق دورے کا مقصد تعلقات کو مستحکم کرنا، پاکستان اور بنگلہ دیش کے عمرہ زائرین کے تجربے کو بہتر بنانے کےلیے تعاون اور چیلنجز سے نمٹنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال تھا۔
سعودی وزیر نے سعودی وژن 2030 کے تحت جاری میگا پروجیکٹس کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ جو حجاج کے تجربے کے پروگرام کے چیئرمین بھی ہیں نے کہا کہ ’ان کوششوں نے دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کی خدمت میں سعودی عرب کے دیرینہ کردار کی توثیق کی‘۔
دورے کے دوران سعودی عرب، پاکستان اور بنگلہ دیش کے سول ایوی ایشن حکام کے درمیان معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
معاہدوں کے تحت پاکستان اور بنگلہ دیش سے سعودی عرب کے لیے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا جس سے عمرہ زائرین کے لیے سفر کو مزید آسان اور قابل رسائی بنایا جائے گا۔
سعودی حکومت کے فلیگ شپ انیشیٹو’ نسک‘ نے کراچی اور ڈھاکا میں پہلے روڈ شو کا انعقاد کیا تاکہ پاکستانی اور بنگلہ دیشی شہریوں کے لیے مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو فروغ دیا جائے جو روحانی اور سیاحتی مقاصد کے لیے مملکت کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔