Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر حج و عمرہ کی صدر عارف علوی سے ملاقات

سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کی قیادت میں وفد نے اسلام آباد میں پاکستان کے صدر عارف علوی سے ملاقات کی ہے۔
پیر کو ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر حج سے ملاقات میں صدر مملکت نے سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
صدر عارف علوی نے کہا ک سعودی عرب کے ساتھ معیشت، سرمایہ کاری اور ثقافت  کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ’پاکستان، سعودی عرب تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور عوامی تعلقات پر مبنی ہیں۔‘
صدر مملکت نے موجودہ اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی، قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
صدر مملکت نے اس سال حج کے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
صدر علوی نے کہا کہ ’امید ہے کہ سعودی حکومت مدینہ میں منہدم ہونے والے دو پاکستان ہاؤسز کی رقم سے مرکز یہ  میں پاکستان ہاؤس کی خریداری میں تیزی لائے گی۔‘
صدر مملکت نے او آئی سی کے ذریعے اہم مسلم مسائل بالخصوص تنازع جموں و کشمیر، فلسطین اور افغانستان پر مستقل حمایت پر سعودی عرب اور اس کی قیادت کی تعریف کی۔
صدر عارف علوی نے ایران کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا میں سعودی ولی عہد کی قیادت قابل تعریف ہے۔
اس موقع پر سعودی وزیر حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بہت مضبوط ہیں۔ ’دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کے لیے تعلقات مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔‘
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان نے کہا کہ سعودی عرب عازمین کو حج اور عمرہ کے لیے اچھی سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔
صدر مملکت نے سعودی بادشاہ اور ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچانے کا بھی کہا اور پاکستان کی مسلسل حمایت اور مالی امداد پر سعودی عرب کا شکریہ  بھی ادا کیا۔

شیئر: