’سیاہ فاموں سے نفرت‘، فلوریڈا میں مسلح شخص کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک
فائرنگ کا واقعہ فلوریڈا کے شہر جیکسن وائل میں پیش آیا۔ (فوٹو: اے پی)
امریکی حکام کے مطابق نسل پرستی کی وجہ سے ایک سفید فام حملہ آور نے فلوریڈا کے ایک سٹور میں تین سیاہ فام افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق تین سیاہ فام افراد کو نشانہ بنانے کے بعد حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار لی۔
یہ واقعہ فلوریڈا کے شہر جیکسن وائل میں پیش آیا۔
جیکسن وائل کے پولیس افسر ٹی کے واٹرز نے ایک نیوز کانفرس نے دوران کہا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں دو مرد اور ایک خاتون جان سے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آور نے وفاقی قانون نافذ کرنے والے حکام اور میڈیا کے ایک اداروں کو ایک تحریر بھیجی تھی جس کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ حملہ آور ’سیاہ فاموں سے نفرت کرتا تھا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ حملہ آور کا عمل انفرادی تھا اور ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ وہ کسی تنظیم کا حصہ تھا۔
پولیس افسر ٹی کے واٹرز کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کی عمر 20 سال سے زیادہ تھی اور اس کے پاس گلاک پستول اور ایک سیمی آٹومیٹک رائفل تھا جس پر سواستیکا کا نشان بنا ہوا تھا۔
’اس نے گولیوں سے بچنے والی جیکٹ پہنی ہوئی تھی۔ یہ حملہ آور 2016 میں گھریلو تشدد کے واقعے میں بھی ملوث رہا تھا اور اپنی خواہش کے خلاف دماغی امراض کے ہسپتال میں معائنے کے لیے گیا تھا۔‘
حکام نے ابھی تک فائرنگ کرنے والے شخص کا نام جاری نہیں کیا۔