’اندرا گاندھی چاند پر گئی تھیں‘، بنگال کی وزیراعلٰی ممتا بینرجی کا انکشاف
راکیش شرما انڈیا کے پہلے خلا باز تھے۔ (فائل فوٹو)
انڈیا کی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلٰی نے ایک تقریر کے دوران انکشاف کیا ہے کہ ’سابق وزیراعظم اندرا گاندھی چاند پر گئی تھیں۔‘
انڈیا ٹو ڈے کے مطابق ممتا بینرجی نے اندرا گاندھی کے دور حکومت میں انڈیا کے پہلے خلائی سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’جب اندرا گاندھی چاند پر پہنچ گئیں تو انہوں نے راکیش (شرما) سے پوچھا کہ یہاں سے انڈیا کیسے دکھتا ہے۔ انہوں نے جواب دیا کہ ’سارے جہاں سے اچھا۔‘
گزشتہ ہفتے ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینرجی نے انڈیا کے پہلے خلا باز راکیش شرما کو راکیش روشن (فلم ڈائریکٹر) سے ملا لیا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہہ دیا تھا کہ راکیش شرما چاند پر گئے تھے۔
راکیش شرما چاند پر نہیں بلکہ 1984 میں روسی ٹیم کے ساتھ خلا پر گئے تھے۔
راکیشن روشن انڈین فلموں کے ہدایتکار ہیں اور ریتھک روشن کے والد ہیں۔
23 اگست کو انڈیا کا چندریان تھری خلائی جہاز چاند کے قطب جنوبی پر کامیابی سے اترا تھا۔ انڈیا چاند کے اس حصے پر پہنچنے والا پہلا ملک ہے۔
سوشل میڈیا پر مغربی بنگال کی وزیراعلٰی کی ویڈیو شیئر ہوئی ہے جس پر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی صارف کِیا گوش نے لکھا کہ ممتا بینرجی کی جانب سے تازہ ترین معلومات ، ’اندرا گاندھی چاند پر پہنچ گئیں۔ معلوم کرنا چاہ رہی ہوں کہ آئی ایس آر او کو اس قیمتی معلومات کے بارے میں علم ہے؟
کشور تھوپاتی نے ٹویٹ کیا کہ پہلے راکیش روش چاند پر پہنچ گئے تھے اور اب اندرا گاندھی چاند پر پہنچ گئیں۔
ایک اور صارف مکیش وکرم ہگدی نے سوال کیا کہ ’محترمہ ممتا اندرا گاندھی کب چاند پر گئیں؟‘
گزشتہ ہفتے راجستھان کے ایک وزیر اشوک چندنہ نے چندریان تھری کے ’مسافروں کو محفوظ لینڈنگ پر مبارکباد دی تھی۔‘
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ان کو اس بارے میں علم نہیں تھا کہ یہ عملے کے بغیر مشن تھا۔
اترپردیش کے رکن اسمبلی راجبر کا ایک بیان بھی وائرل ہوا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ چاند سے سائنسدانوں کی واپسی پر استقبال کریں گے۔
چاند کے قطب جنوبی پر خلائی مشن اُتارنے کی تازہ ترین کوشش دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے لیے ایک تاریخی لمحہ تھا۔