پاکستان کے نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے اسلام آباد میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی ہے۔
وزارت مذہبی امور سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں آئندہ حج انتظامات، باہمی تعلقات اور مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر انیق احمد نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ عقیدت، باہمی احترام اور بھائی چارے کا رشتہ ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزارت کل اسلام آباد میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی دور حاضر کے مسائل پر عنقریب عالمی کانفرنس کا انعقاد کر ے گی۔’سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کا رودہ پاکستان انتہائی کامیاب اور یادگار رہا۔ سعودی عرب سے عنقریب اہم ترین شخصیات کی پاکستان آمد متوقع ہے۔‘
اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امور آفتاب اکبر درانی اور رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سعد بن مسعود الحارثی بھی موجود تھے۔
انیق احمد کا کہنا تھا کہ 12 ربیع الاوّل کو قومی سیرت کانفرنس مذہبی عقیدت کے ساتھ منعقد کی جائے گی۔ ’کانفرنس کا عنوان ’سیرت طیبہ کی روشنی میں ملکی معاشی استحکام کی حکمت عملی‘ طے کیا ہے۔‘
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ دنیا کو اسلام کے خوبصورت پیغام سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔